دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی (آج )اینستھیزیا کا عالمی دن منایا جائے گا

اینستھیزیا کا شعبہ اب محض آپریشن تھیٹر تک محدود نہیں رہا ٬یہ ہر ہسپتال کا بنیادی جزو بن چکا ہے ‘ پروفیسر غیاث النبی طیب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ اینستھیزیا کا شعبہ اب محض آپریشن تھیٹر تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ شعبہ ہر ہسپتال کا بنیادی جزو بن چکا ہے جس کے بغیر کوئی بھی ہسپتال موثر طریقے سے نہیں چلایا جا سکتا٬جب کہ اب ہسپتال کا 70 سے 80 فیصد کام اینستھیزیا کے گرد گھومتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ اینستھیزیا ڈے کے سلسلے میں جنرل ہسپتال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پروفیسر خالد بشیر صدر پاکستان سوسائٹی آف اینستھیزیالوجسٹس لاہور و ممبر بورڈ آف مینجمنٹ پی جی ایم آئی ٬پروفیسر شاہدہ خواجہ٬ڈاکٹرجودت سلیم سمیت فیکلٹی مبران اور نوجوان ڈاکٹر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی16 اکتوبر کو اینستھیزیا کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد صحت کے شعبہ سے وابستہ معالجین میں اینستھیزیا کے بارے شعور بیدار کرنا اور اس سلسلے میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت کواجاگر کرنا ہے۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ماڈرن ٹیکنالوجی اورمیڈیکل کے شعبہ میں ترقی سے اینستھیزیا سے ہونے والے حادثات کو بھی کم کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 1960 کی دہائی میں اینستھیزیا کی وجہ سے شرح اموات کا تناسب دس ہزار میں سے ایک تھی جو اب کم ہو کر ایک لاکھ میں سے صرف ایک تک آ چکی ہے۔پروفیسر غیاث النبی طیب کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اینستھیزیا کے ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے جس کو پورا کرنے کے لئے جہاں محکمہ صحت اقدامات کررہا ہے وہیں پی جی ایم آئی بھی میڈیکل آفیسر کو اینستھیزیاکی تربیت فراہم کرنے میں پیش پیش ہے تاکہ اس شعبے میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر خالد بشیر اور ڈاکٹرجودت سلیم نے اس بات پر زور دیا کہ مریض کی صحت اور سیف اینستھیزیا کا استعمال ڈاکٹر کی ذمہ داری ہے تاکہ مریضوں کے پروسیجر اور آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کئے جا سکیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی سے اینستھیزیا کے ڈاکٹروں کا کام کافی حد تک آسان ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد میڈیکل ایجوکیشن کی ترقی٬ اینستھیزیا کے ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی اورانہیں یہ شعبہ اختیار کرنے کی طرف ترغیب دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ فیڈریشن آف اینستھیزیالوجسٹس کا نعرہ سیف اینستھیزیا اورسیف سرجری ہے جس کے حصول کے لئے ہمیں زیادہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :