پاکستان مسلم لیگ لائیرز ونگ سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنس تیار کرے گا ٬ اجلاس میں فیصلہ

سپریم کورٹ نے بھی وفاق اور پنجاب میں بیڈ گورننس کا سرٹیفکیٹ دیدیا٬ وکلا رہنما اپنا کردار ادا کریں‘بشارت راجہ٬ عالمگیر ایڈووکیٹ

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ لائیرز ونگ پنجاب کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف جانبداری کا مظاہرہ کرنے پر ریفرنس تیار کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ یہاں مسلم لیگ ہائوس میں صدر عالمگیر ایڈووکیٹ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ تنظیمی اجلاس میں سابق وزیر قانون محمد بشارت راجہ٬ سینئر وکلا جہانگیر اے جھوجھہ٬ جنرل سیکرٹری عبدالرزاق٬ میاں رشید٬ شاہد بہیڑ سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریفرنس کی تیاری کیلئے جہانگیر اے جھوجھہ ایڈووکیٹ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کی گئی۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ حکمرانوں نے چودھری پرویزالٰہی کے دور میں چلنے والے عوامی فلاحی منصوبوں کو بند کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے٬ آج ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز تو کجا ادویات تک نہیں ہیں٬ اگر اربوں کا بجٹ راولپنڈی اور لاہور جنگلہ بس پر ضائع کرنے کی بجائے صحت اور تعلیم پر خرچ کر دیا جاتا تو یہ مسائل حل ہو جاتے٬ ان حالات میں وکلا برادری کا فرض ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے کیونکہ پورے پنجاب کے وسائل کا 70فیصد لاہور میں نمائشی منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

صدر عالمگیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس وقت ملک میں افراتفری ہے٬ سپریم کورٹ نے بھی نہ صرف اس امر کی نشاندہی کر دی بلکہ وفاق اور پنجاب کو بیڈ گورنینس کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں ملوث وزیراعظم کا خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان صرف بیان کی حد تک ہے٬ پاکستان کے وزیراعظم ’’را‘‘ کے ایجنٹ کے پکڑے جانے پر کیوں خاموش ہیں جبکہ ہندوستان میں اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آتا تو اس نے پوری دنیا میں شور مچانا تھا۔ اجلاس میں دیگر وکلا نے بھی خطاب کیا اور تنظیمی امور طے کیے گئے۔