Live Updates

پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج میں عوام کا سمندر ہوگا ‘ عمران خان

اسلام آباد کی سڑکیں اس وقت تک بند رہیں گی جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دے دیتی اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ 30اکتوبر طے تھی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر تاریخ میں تبدیلی کی جارہی ہی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 16:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج میں عوام کا سمندر ہوگا ہم اسلام آباد دفاتر کی جانب جانے والی سڑکوں کو بند کریں گے اور سرکاری دفاتر کھلنے نہیں دیں گے۔ احتجاج کی تاریخ میں دو تین دن کا ردعمل ہو سکتا ہے لیکن زیادہ دیر نہیں کی جائے گی۔

اسلام آباد کی سڑکیں اس وقت تک بند رہیں گی جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دے دیتے۔ ہفتہ کی دوپہر لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ 30اکتوبر طے تھی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر تاریخ میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں کل اجلاس بلایا گیا ہے جس میں احتجاج کی نئی تاریخ کو فائنل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نئی تاریخ دو تین دن آگے پیچھے ہوگی لیکن کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں خود کو اور اپنے خاندان کے لوگوں کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اب وہ پکڑائی نہیں دے رہے۔ ہم چھ ماہ سے شور مچا رہے ہیں اور نواز شریف ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوری عمل یہی ہوتا ہے کہ ملک کے انصاف دینے والے اداروں پر شریف کرپٹ مافیا کا قبضہ ہو جائے تو اس قوم کے سامنے سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہوگا اور ہم ان سڑکوں پر بیٹھیں گے جو حکومتی دفاتر کی جانب جاتی ہیں۔ حکومتی دفاتر کو ہم بند کردیں گے اور سڑکوں پر اس وقت تک بیٹھیں رہیں گے جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دیتے اور اگر حکومت نے ہمارے پرامن احتجاج پر لاٹھی چارج کیا تو اس کا ردعمل آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 30ستمبر کے احتجاج کیلئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطہ کیا تھا اب بھی دعوت سب کو ہے لیکن اب پاکستان تحریک انصاف اور عوام ملکر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جو لوگ ہیں یا تو وہ بھی چور ہیں یا پھر وہ بھی نواز شریف کی چوری میں حصہ دار ہیں باقی ساری قوم ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں نے شریفوں کو شوگر ملز لگانے کی اجازت دے کر قانون کا مذاق اڑایا۔ شریف اقتدار سے فائدہ اٹھانے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے عوام بھی ہمارے ساتھ نکلیں گے جو چوں چوں کریں گے انہیں کرنے دو عوام ہمارے ساتھ نکل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو لاہور ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ اسلام آباد احتجاج کی حتمی تاریخ کا اعلان آج کردیا جائے گا۔ ملک میں انصاف فراہم کرنے والے اداروں پر شریف کرپٹ مافیا کا قبضہ ہے ایسے حالات میں قوم کے پاس سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ (اے ملک+ قیوم زاہد)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات