چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے 107 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی بھرتی کی منظوری دیدی ٬ 588سول ججز بھی بھرتی کرنے کا فیصلہ

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی بھرتی کیلئے 30اکتوبر تک درخواستیں طلب ٬ 10سالہ وکالت کی پر یکٹس کرنیوالے وکلاء اہل ہونگے

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 15:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے 107 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی بھرتی کی منظوری دیدی ٬ 588سول ججز بھی بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ٬ ریکروٹمنٹ کمیٹی نے منظوری کے لئے سمری چیف جسٹس کو بھجوا دی ۔تفصیلات کے مطابق بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک اور فیصلہ کیا گیا ہے ۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے 13لاکھ سے زائد زیر التواء مقدمات کو نمٹانے کے لئے گریڈ 20کی107 ایڈیشنل سیشن ججز کی براہ راست بھرتی کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد بھرتی کے خواہشمندوں سے 17اکتوبر سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں ۔ امیدوار آن لائن ٬ دستی اور بذریعہ ڈاک جمع کر واسکتے ہیں جس کی آخری تاریخ 30اکتوبر ہے٬ 10سالہ وکالت کی پر یکٹس کرنیوالے وکلاء اہل ہوںگے ۔

(جاری ہے)

3ججز پر مشتمل کمیٹی امتحان لے گی جس کی سربراہی جسٹس سید کاظم رضا شمسی کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں جسٹس عبادالرحمن لو دھی اور جسٹس عبدالسمیع شامل ہوں گے ٬دیوانی ٬ فوجداری اورآئین کے متعلق امتحان لیا جا ئے گا ۔ دوسری جانب 588سول ججز بھرتی کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے ٬ ریکروٹمنٹ کمیٹی نے سمری کمیٹی کو بھجوا دی ہے ٬ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد بھرتی کیلئے نومبر دسمبر میں درخواستیں طلب کی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :