پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں٬ اعلیٰ بھارتی حکام

ہم اپنے لیے جامع قومی طاقت کو ترقی دینا چاہتے ہیں٬ دواہلکاروں کی نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر گفتگو

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 13:04

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) دو اعلیٰ بھارتی حکومتی اہلکاروں نے کہاہے کہ نئی دہلی ملکی معیشت کی ترقی پر توجہ دینے کا متمنی اور پاکستان کے ساتھ کشمیر میں کنٹرول لائن پر متعدد واقعات کے بعد پائی جانے والی موجودہ کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ان بھارتی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو محدود کرنا چاہتا ہے۔

ان دونوں اعلیٰ بھارتی حکام نے ان وسیع تر خدشات کو بھی دور کرنے کی کوشش کی٬ جو پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر میں کنٹرول لائن پر حالیہ واقعات اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد سے کسی ’ممکنہ اور بڑے تصادم‘ کے حوالے سے پائے جاتے ہیں۔اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ باتیں جن دو اعلیٰ بھارتی شخصیات نے کہیں٬ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی ان کوششوں میں بھی عملی طور پر شامل ہیں٬ جن کے تحت مودی پاکستان سے متعلق ایک نئی اور زیادہ ٹھوس حکمت عملی کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے ایک بھارتی حکومتی اہلکار نے کہا کہ نئی دہلی اس وقت بھی اپنے ہاں زیادہ تیز رفتار اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے٬ اور پاکستان کے ساتھ کوئی ایسا تصادم نہیں چاہتا جو اس کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بنے۔اس حکومتی اہلکارنے کہاکہ ہم اپنے لیے جامع قومی طاقت کو ترقی دینا چاہتے ہیں٬ اقتصادی اور عسکری سے لے کر سفارتی طاقت تک۔ ہمیں وقت درکار ہے۔اگر ہم اسی راستے پر آگے بڑھتے رہے٬ تو طاقت کے لحاظ سے 2025ء تک ہمارا اور پاکستان کا فرق اتنا زیادہ ہو جائے گا کہ تب کوئی جنگ لڑنا ضروری ہی نہیں رہیگا۔

متعلقہ عنوان :