فاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا امریکا کی نائب وزیر خارجہ کیتھرین نویلی سے ٹیلیفون پر رابطہ

لائن آف کنٹرول کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس ٬پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس جیسی قومی مصروفیات کے باعث دور ہ امریکہ کی منسوخی بارے آگاہ کیا امریکی نائب وزیر خارجہ کی اسحاق ڈار کے جنوبی ایشیا میں سال کے بہترین وزیر خزانہ کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد

جمعہ 14 اکتوبر 2016 20:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکا کی نائب وزیر خارجہ کیتھرین نویلی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس ٹیلیفونک رابطہ میں وزیر خزانہ نے لائن آف کنٹرول کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس جیسی قومی مصروفیات اور ان کے نتیجہ میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کیلئے دورہ امریکا کی منسوخی کے با رے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل سکوک کے اجراء کے بارے میں بھی بتایا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کے جنوبی ایشیا میں سال کے بہترین وزیر خزانہ کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اس کے صحیح حقدار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ پروگرام کی پہلی مرتبہ تکمیل اور میکرواکنامک استحکام کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر کامیابی سے عملدرآمد کی بھی تعریف کی۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی لیبر کے معیارات کو بہتر بنانے کے طریقوں میں امریکی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے نئے سربراہ اس شعبہ میں پاکستان کی مدد کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے امریکی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔