عدالت نے وزیر اعظم کو بھارتی ایجنٹ کہنے پر طاہر القادری کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست پر تھانہ نواں کوٹ کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) لاہور کی مقامی ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کو بھارتی ایجنٹ کہنے پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست پر تھانہ نواں کوٹ کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی۔جمعرات کے روز لاہور کے شہری محمد مظفرعلی نے عدالت میں دائر کر دہ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے روالپنڈی میں اپنی تقریر میں ملک کے وزیراعظم کو بھارتی ایجنٹ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرطاہر القادری نے وزیر اعظم کے خلاف نازیبا الفاظ ادا کئے جس سے 20 کروڑ عوام کے جذبات کو مجروح ہوئے جبکہ انہوں نے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کو عوام نے مینڈیٹ دے کر منتخب کیاہے٬ عوام کے جذبات کی توہین پر ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف تھانہ نواں کوٹ میں درخواست دی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی عدالت سے استدعا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم دیاجائے جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ پولیس سے جواب طلب کرلیا ہے۔