حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان ہر میدان میں کامیاب و کامران ہو سکتے ہیں‘ ڈاکٹر ممتاز حسین ہاشمی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:46

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان دنیا کے ہر میدان میں کامیاب و کامران ہو سکتے ہیں٬ محض یوم عاشورہ یا محرم میں ہی نہیں بلکہ ہمیں زندگی کے ہر گوشہ میں حضرت امام حسینؓ کی تقلید کرنی چاہئے اسی میں کامیابی کا راز ہے٬ مسلمان دین سے دوری کے باعث آج دنیا بھر میں ذلت و رسوا ئی اٹھانے پر مجبور ہیں٬ حضرت امام حسین کی عظیم شہادت ہمارے لئے ایک عظیم سبق اور مشعل راہ ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار معروف عالم دین اور جے یو پی کے مرکزی رہنما علامہ ڈاکٹر ممتاز حسین ہاشمی نے جامع مسجد پھولدہار میں شہادت امام حسین کے حوالہ سے منعقدہ خصوصی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو پی کے صوبائی رہنما ارشاد خان عطاری٬ معروف روحانی شخصیت حافظ محمدشیراز خان٬ معروف عالم اور خطیب جامع مسجد پھولدہار علامہ محسن اسلم٬ ہزارہ سنی محاذ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جے یو پی کے ضلعی صدر حافظ عبدالخالق اعوان٬ معروف نعت خواں غلام کبر یا اور عماد نسیم اعوان نے اپنی خوبصورت آواز میں ہدیہ نعت پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے ڈاکٹر ممتاز حسین ہاشمی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے نانا کے دین کی سربلندی کیلئے قربانی دیکر خود کو حقیقی معنوں میں جنت کے نوجوانوں کا سردار قرار دلوایا٬ نبی کریمؐ کے خاندان پر جس طر ح دشمنان اسلام نے ظلم و ستم ڈھائے وہ ناقابل فراموش ہیں اور یزید جیسے ظالم و جابر حکمرانوں نے چند دنوں کے اقتدار کی خاطر جس طرح نواسہ رسول اور ان کے عظیم ساتھیوں کے بے گناہ خون سے اپنے ہا تھ رنگے وہ تاریخ میں رقم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عظیم سانحہ سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ دنیا کا چند دن کا اقتدار کچھ بھی نہیں بلکہ اسلام کی راہ پر چلتے ہوئے اپنے جان و مال٬ اولاد اور اسباب سب کچھ دین پر لٹانا ہی کامیابی ہے٬ یزید نے چند دن کی حکومت تو حاصل کر لی لیکن قیامت تک اپنے نام کو گالی بنوا لیا جبکہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت کو آج اتنی صدیاں گذر نے کے باوجود نہ صرف مسلمان بلکہ ہندور اور سکھ بھی انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر حافظ محمد شیراز خان نے خصوصی دعا کروائی۔

متعلقہ عنوان :