فرسٹ ایئر کے ناقص امتحانی نتائج کے خلاف طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:40

لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء)طلبہ کی بڑی تعداد نے لاہور تعلیمی بورڈ کے جاری فرسٹ ایئر کے نتائج کو مسترد کردیا۔ لاہور کے مختلف کالجز کے سینکڑوں طلبہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر بورڈ انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فرسٹ ایئر کے رزلٹ کو ناقص قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے مختلف کالجز کی500سے زائد فرسٹ ایئر کے طلبہ نے لاہور ثانوی تعلیمی بورڈ کی ناقص چیکنگ کے باعث لاہور پریس کلب اور پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ فرسٹ ایئر کے آنے والے نتائج میں بورڈ کی جانب سے ناقص چیکنگ کی گئی ہے یوں لگتا ہے جیسے میٹرک پاس لوگوںنے فرسٹ ایئر کے پیپرز چیک کئے ہیں کیونکہ ذہین طلبہ کی بڑی تعداد کو کم نمبرز دیئے گئے ہیں اور نالائق طلبہ کو بہتر نمبرز ملنے پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

طلبہ کی بڑی تعداد کئی گھنٹے تک مال روڑ پر رہی جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

سیکرٹری اور کنٹرولر بورڈ کی جانب سے سیکرٹری بورڈ ریحانہ الیاس اور کنٹرولر بورڈ ناصر جمیل نے طلبہ سے مذاکرات کئے جس کے تحت طلبہ کو ری چیکنگ فیس جمع کروانے کی ہدایات کی گئیں اور کہا گیا کہ اگر نتائج میں کسی طالب علم کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی یا نا انصافی نظر آئی تو ان کی ری چیکنگ فیس واپس کردی جائے گی۔ جس پر طلبہ نے احتجاج ختم کردیا طلبہ آج بروز جمعہ کو ری چیکنگ فیس بورڈ آفس میںجمع کروائیں گے۔