یوم عاشور کے جلوس قانون نافذ کرنے والے اداروں٬ کے ایم سی افسران٬ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی نمایاں کارکردگی کے باعث پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے ۔ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد وہرہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:40

کراچی۔ 13اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد وہرہ نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں نکالے جانے والے یوم عاشور کے جلوس قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کے ایم سی کے افسران کے ساتھ ساتھ ہزاروں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی نمایاں کارکردگی کے باعث انتہائی منظم اورپرسکون انداز میں اختتام پذیر ہوئے جو شہر کے لئے اطمینان کا باعث ہے ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس میںشرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی٬صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن ٬ میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر بدر جمیل اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ٬ نمائش چورنگی کے مرکزی کیمپ میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ اور خواجہ اظہارالحسن نے عزاداروں میں شربت تقسیم کیا اورکے ایم سی کے میڈیکل کیمپ میں ماتمی جلوس کے شرکاء کو اپنی نگرانی میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ امام حسینؓ کی اسلام کی سربلندی کے لئے دی گئی قربانی کا لازوال دن ہے ٬ شہداء کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اسلام کوسربلندی عطا کی ٬ آپ نے حق صداقت اور دین کی سربلندی کے لئے عظیم تاریخ رقم کی ہے جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گی ٬ کراچی میں نواسہ رسول شہید کربلا امام حسین کی یاد میں کراچی کے مختلف علاقوں سے نکالنے والے ماتمی جلوسوںاورمجالس کے لئے جس طرح بلدیاتی اداروں نے اپنی خدمات انجام دیں وہ قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی کو پرامن شہر بنانے کیلئے ہمیں اسی جرأت ٬ بہادری اورحوصلے سے کام لینا ہوگا٬ ماتمی جلوسوں کے شرکاء کی خدمت کے لئے کے ایم سی نے ایم اے جناح روڈ پر چار مختلف جگہوں پر کیمپس لگائے ٬ 12 فائر ٹینڈر٬ 4 بائوزراور90 ملازمین کے ساتھ ساتھ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹرز٬پیرامیڈیکل اسٹاف٬ ریسکیو یونٹ٬ ایمبولینس سروسز 1122 نے اپنے خدمات انجام دیں اور مجموعی طور پر 200 افسران و ملازمین نے یوم عاشور کے جلوس کے موقع پر انتظامات میں حصہ لیا٬ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشدوہرہ نے نمائش چورنگی ٬ تبت سینٹر اور بولٹن مارکیٹ پر علماء کرام ٬ ذاکرین اور عزاداروں سے ملاقاتیں کیں جنہوں نے بلدیاتی خدمات پر ڈپٹی میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب ٹیم ورک کے باعث ہی ممکن ہوسکااورہر ادارے نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کو بہ طریق احسن پورا کیا٬ کراچی کے شہریوں نے جس طرح یوم عاشور پر نظم و ضبط ٬ باہمی اتحاد ٬ یکجہتی٬ اخوت اورمساوات کا ثبوت دیا اس پر وہ شہریوں کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ نے حق و صداقت کا جو علم بلند کیا وہ رہتی دنیا تک عالم انسانیت کو رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔