حقیقی قیادت ہمیشہ خلق خدا سے جڑی رہتی ہے٬ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:34

کوئٹہ۔13اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ حقیقی قیادت ہمیشہ خلق خدا سے جڑی رہتی ہے۔ وہ نہ صرف متعلقہ علاقے کے عوام کے مسائل و مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوتی ہے بلکہ ان کا حل انکی ترجیحات میں سر فہرست ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایڈووکیٹ عبدالمنان بادیزئی کی قیادت میں ضلع پشین علاقہ بادیزئی اور تورخیل سیدان کے چھ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل و مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کا وقت آپہنچا ہے۔ موجود ہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ اس ضمن میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ہورہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے قومی فریضہ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختص فنڈز کو اپنے علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود پر پوری دیانتداری سے خرچ کریں۔

اس موقع پر وفد نے گورنر کو اپنے علاقے کے مسائل و مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بادیزئی اور تورخیل سیدان کا صوبہ کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتاہے اور آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی وہ صحت ٬ تعلیم پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ گورنر نے انکے مسائل و مشکلات غور اور توجہ سے سنے اور انکے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء گورنر بلوچستان سے جی ایم این ایچ اے آغا عنایت اللہ٬ سیاسی رہنماء حاجی فضل قادر شیرانی اور علاؤالدین کولکوال نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :