بلوچستان سمیت خضدار کی تقریباً نصف آبادی سے زیادہ زراعت سے منسلک ہے٬ ضلع غریب اورپسماندہ زمینداروں کو جدید سائنسی و زرعی آلات فراہم کرنا اور ان کے استعمال کو یقینی بناناضروری ہے٬ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:34

خضدار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) بلوچستان سمیت خضدار کی تقریباً نصف آبادی سے زیادہ زراعت سے منسلک ہے۔ ملک کی معیشت میں زراعت کا اہم حصہ ہے۔ ضلع خضدار کے غریب اورپسماندہ زمینداروں کو جدید سائنسی و زرعی آلات فراہم کرنا اور ان کے استعمال کو یقینی بنانازراعت توسیعی خضدارکی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیعی خضدار شاہ زمان بلوچ نے تحصیل زہری کے دورے کے موقع پر مختلف زمینداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں جعلی زرعی ادویات اور زرعی بیج اورکھادیں فروخت کرنے والوں کی بھر مار ہے۔ غیر معیاری اور جعلی و غیر مستند شدہ زرعی ادویات اور بیجوں سے متوسط طبقہ زمینداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے جس سے زرعی کسان نان شبینہ کے محتاج ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت توسیعی خضدار اور دیگر تحصیلوں میں بغیر لائسنس اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کی ادویات فروخت کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تمام تحصیلوں میں دورہ کرکے غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے دکانیں سیل کردی جائیں گی۔ضلع میںزرعی کسانوں کو آگاہی کے لئے ہر پندرہ روز کے بعد مختلف علاقوں میں آگاہی پروگرام منعقد کیئے جا رہے ہیں جن میں کسانوں کو زمین کی زرخیزی فصلوں و پھلوں کی بیماریوں سمیت تمام احتیاطی ترکیبوں کے بارے میں مکمل آگاہی دی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ خضدار کے کسانوں کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنا محکمہ زراعت و توسیع کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کے حصول کے لیئے تمام تر اقدامات کیئے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :