ریکوڈک سمیت معدنی وسائل کے تمام منصوبے بلوچستان کے عوام کی امانت ہیں٬ میر عبدالکریم نوشیروانی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ریکوڈک سمیت معدنی وسائل کے تمام منصوبے بلوچستان کے عوام کی امانت ہیں اور صوبائی حکومت اس کی امین ہے لہٰذا ریکوڈک سمیت دیگر تمام معدنی وسائل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری تمام سیاسی ٬ مذہبی و قوم پرست جماعتوں بشمول اتحادیوں سب کو اعتماد میں لیں ۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میںصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ماضی میں ہم نے متنازعہ منصوبوں کی حالت دیکھی ہے اس لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کو ریکوڈک سمیت دیگر معدنی وسائل کے منصوبوں پر کوئی فیصلہ لینے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہئے اور اس سلسلے میں انہیں ان تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنی چاہئے کیونکہ مشاورت سے بہتر تجاویز سامنے آئیں گی جو کہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں ہونگی انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پارلیمانی سیاسی جماعت ان منصوبوں کی مشاورت سے باہر رہی تو اس کا نقصان پورے صوبے کو ہوگا اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بلوچستان ہمیشہ بہتری کی طرف اس وقت گامزن رہا جب صوبے میںافہام و تفہیم کی پالیسی اپنائی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کو وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں وہ اس سر زمین کے وہ سپوت ہیں جو اس صوبے کی امانتوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں وہ صوبے کے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے ہمیں یہ بھی امید ہے کہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ریکوڈک سمیت دیگر تمام معدنی وسائل کے منصوبوں کے حوالے سے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ایسے مثبت فیصلے کرینگے جو کہ صوبے اور یہاں کے عوام کے بہتر مفاد میں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :