نبی مہربانؐ نے معاشرہ میں جس پیغام کو عام کیا ہے وہ انسانیت سے محبت کا درس ہے‘ وزیر خزانہ خیبر پختونخوا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:22

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ صوبہ مظفر سید نے کہا ہے کہ نبی مہربانؐ نے معاشرہ میں جس پیغام کو عام کیا ہے وہ انسانیت سے محبت کا درس ہے٬ اگر الله نے انسان کے حواسِ خمسہ سے کوئی نعمت لی ہے تو الله نے اپنے اس بندے کو صبر اور ہمت سے نوازا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں معذور افراد سفید چھڑی کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے ویلفیئر آرگنائزیشن فار پاکستان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں افراتقری اور بم دھماکے کرنے والے٬ اپنے اعضاء و جوارع میں پورے ہیں٬ آج تک کسی ڈس ایبل پرسن نے اس دنیا کے امن کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آپ کے مسائل اور مطالبات آپ کے ترجمان٬ نمائندہ اور وکیل کی حیثیت سے وزیراعلیٰ٬ کابینہ اور اسمبلی کے فلور پر اٹھائیں گے٬ مقامی سوشل ویلفیئر کے ذمہ داران بلائنڈ٬ ڈیف٬ ڈس ایبل پرسنز کے مسائل سنیں اور ان کو فوری حل کریں٬ ہم اپنے صوبہ کے بجٹ میں ڈس ایبل پرسنز کیلئے رقم مختص کر کے ان کو معاشرے کا باوقار اور مفید شہری بنائیں گے٬ سرکاری ملازمتوں میں ان کا کوٹہ بھی بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اب تک پاکستان میں انگریز کا دیا ہوا نظام چل رہا ہے٬ غریب کے نام پر سیاست کرنے والے ایوان کے اقتداروں میں پہنچ کر غریب کو بھول جاتے ہیں٬ آج تک پاکستان میں نظام کو بدلنے اور اپنے جیسے لوگوں کو ایوان اقتدار تک پہنچانے کی کوشش نہیں کی گئی٬ جب تک پاکستان کے عوام اپنے جیسوں پر اعتماد کر کے اسمبلیوں تک نہیں پہنچائیں گے اس وقت تک حقیقی تبدیلی نہیں آ سکتی اور نہ ہی عوام کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اور حکومت کرنے والے خان٬ وڈیرے اور جاگیردار روز بروز امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے ہیں٬ عام آدمی غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے٬ ہمارا موجودہ نظام استحصالی نظام ہے اور جب تک اس استحصالی نظام کو ہم خود نہیں بدلیں گے الله ہماری حالت نہیں بدلے گا٬ اب وقت ہے کہ نبی مہربان ؐ کے شہر ِ مدینہ کا نظام اس ملک میں آئے اور انسانیت کے بھولے ہوئے سبق کو پھر سے دہرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ حکومت کا حصہ اسلئے کرپشن کے خاتمہ اور میرٹ کی بالادستی کی بات کی ہے٬ ہم انہی مشترکہ نکات پر حکومت میں ہیں٬ ہمارے تمام تر مسائل اور مشکلات کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے جس میں حق دار کو اس کا حق ملتا ہے٬ بنیادی انسانی حقوق اور ضروریات عوام کو دہلیز پر ملیںگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کی ہوائیں انشاء الله خیبر پختونخوا سے ہوتی ہوئی پورے پاکستان میں پھیلیں گی اور اس نظام میں غریب پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ان کو دیا جائے گا۔

انہوں نے سامعین کو 22 اور 23 اکتوبر کو اضاخیل نوشہرہ میں ہونے والے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ہم آپ سپیشل پرسنز کیلئے اجتماع عام کے پنڈال میں خصوصی گوشہ بھی رکھیں گے۔ اس موقع پر اس پروگرام کے منتظمین آرگنائزیشن کے صوبائی و ضلعی صدر نعیم افضل اعوان٬ راجہ جارج سمیت تحصیل ناظم طارق محمود خان٬ جماعت ِ اسلامی ضلع ہری پورکے قائم مقام امیر محبوب الرحمن اور پی کے 50 کے امیر طاہر عتیق نے بھی خطاب کیا۔