ایبٹ آباد میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:38

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) ایبٹ آباد میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے شہر بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے٬ 1500 سے زائد اہلکاروں نے سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔صبح 9 بجے جلوس مرکزی امام بارگاہ ٹانچی چوک سے برآمد ہوا جس میں عزاداران سینہ کوبی کرتے ہوئے گاس منڈی پہنچے جس کے بعد عزاداروں نے کینٹ بازار چوک پہنچ کر نماز ظہرین ادا کی۔

اس کے بعد کاغان کیفی چوک میں عزاداران نے سینہ کوبی کے ساتھ زنجیر زنی بھی کی۔ اس موقع پر ممتاز شیعہ سکالر حسنین رضا ترابی نے عزاداران سے خطاب کرتے ہوئے امام حسین ؓ کی ایثار و قربانی پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

واپسی پر جلوس اپنے مقرر کردہ راستہ سے واپس امام بارگاہ پہنچا جہاں شام غریباں منائی گئی۔ یوم عاشورہ پر ایبٹ آباد میں موبائل سروس صبح سے لیکر شام 7 بجے تک مکمل طور پر بند رہی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ سعید خان وزیر خود سیکورٹی کا معائنہ کرتے رہے۔ ڈی پی اوز عجازگوگا اور خرم رشید٬ ایس پی شمس رحمن٬ ڈی ایس پی قمر حیات خان٬ ڈی ایس پی جمیل قریشی اور دیگر نے سیکورٹی کو فول پروف بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شہر کے رضا کاروں نے بھی سیکورٹی کے فرائض بہترین انداز سے سرانجام دیئے جس پر ڈی ایس پی کینٹ سرکل قمر حیات خان نے رضاکاروں کو کامیاب سیکورٹی کے فرائض سرانجام دینے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

متعلقہ عنوان :