وفاقی دارالحکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارروائی٬ درجنوں تاجروں کو جرمانے

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:36

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے جمعرات کو اسلام آباد کی چھوٹی مارکیٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے درجنوں تاجروں کو 40 ہزار روپے سے زائد کے جرمانوں کے نوٹس جاری کئے۔ اشیاء خوردنوش کے سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر چھوٹی مارکیٹوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اشیاء کی خریدوفروخت ٬ پرائس لسٹوں کی چیکنگ کی اور سینٹی ٹیشن بائی لاز کی خلاف ورزی پر دکانداروں کو جرمانے کئے۔

ریستوران٬ بیکریوں پر عملہ کی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیک کئے اور تمام مالکان کو عملہ کی ویکسین ایک ہفتہ کے اندر کرانے کی ہدایت کی اور انہیں نوٹس بھی جاری کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ جی سیون اور جی سکس کی چھوٹی مارکیٹوں میں بھی کارروائی آئندہ ہفتے کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد مشتاق نے تمام اسٹنٹ کمشنر صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ سرکلز میں پرائس کنٹرول کو یقینی بنائیں اور مضر صحت اشیاء فروخت کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔