واقعہ کربلا اقتدار کی جنگ نہیں٬حق اور باطل کے مابین معرکہ عظیم تھا‘علامہ ذوالفقار حسین حیدری

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:35

فتح جنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) واقعہ کربلا اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ حق اور باطل کے مابین معرکہ عظیم تھا جس میں حق کو ابدی فتح نصیب ہوئی آج بھی حضرت امام حسین ؑ کا ذکر پوری دنیا میں ہو رہا ہے لیکن یزید کانام مٹ چکا ہے ان خیالات کا اظہار جامع مسجد دربار پیر احمد شاہ سیالوی میں منعقدہ عظیم الشان ذکر حسین کانفرنس سے علامہ ذوالفقار حسین حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ پیر سید قاسم شاہ سیالوی نے کی تلاوت کلام مجید کی سعادت قاری القراء قاری عبدالولی نے حاصل کی ۔علامہ ذوالفقار حسین حیدری نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے حسین مجھ سے اور میں حسین سے ہوں٬ جو حسین سے محبت رکھتا ہے مجھ سے محبت رکھتا اور جو حسین سے بغض رکھتا ہے وہ مجھ سے بغض رکھتا ہے٬ جس نے ان کو تکلیف پہنچائی گویا اس نے مجھے تکلیف پہنچائی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ شان امام عالی مقام کا احاطہ کرنا ممکن ہی نہیں ہے٬ حضرت امام حسین ؑ نے دین اسلام کی بقاء کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی عظیم قربانی دی جسے رہتی دنیا تک یا د رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کوئی اقتدار کی جنگ نہ تھی بلکہ یہ معرکہ حق و باطل تھا۔ امام حسین ؑ نے ایک ظالم فاسق فاجر کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور سر جھکانے کی بجائے سر کٹانے کی ترجیح دے کر اللہ کے دین کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سربلند کر دیا ۔کانفرنس کے اختتام پر ملک و ملت کی خوشحالی امن اور سلامتی کیلئے پیر قاسم شاہ ہمدانی سیالوی نے خصوصی دعا کی بعد ازاں لنگر حسینی تقسیم کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :