بھارت خطے میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ہمیشہ پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرایا گیا٬جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ہمیشہ پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرایا گیا٬پاکستان میں شہری دفاع کی تربیت ضروری ہوچکی ہے۔ جماعة الدعوة شہری دفاع کے لیے اضلاع کی سطح پر ورکشاپس منعقد کرے گی٬ جس کا دائرہ نچلی سطح تک وسیع کیا جائے گا٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعة الدعوة کراچی کی دو روزہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس میں شہر بھر سے ذمے داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نشست سے مفتی یوسف کشمیری٬ مجیب الرحمن زامرانی٬ شیخ یحییٰ بھٹی٬ مفتی کلیم اللہ٬ انجینئر حارث ڈار و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تربیتی نشست کے دوران ذمے داران کو شہری دفاع کے حوالے سے عملی تربیت بھی دی گئی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں دشمنان اسلام مختلف انداز سے مسلم ممالک پر حملہ آور ہوتے رہے ہیں۔

دشمن قوتوں نے مسلم معاشروں میں نظریاتی جنگ برپا کر رکھی ہے۔ کشمیر کی تحریک آزادی کو کشمیری خود آگے بڑھا رہے ہیں۔ حریت پسندوں کا راستہ روکنا بھارت کے بس میں نہیں ہے۔ کشمیری کی آزادی سے ہی خطے میں امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی دعوت اور خدمت کے ذریعے ممکن ہے۔ فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

شہری دفاع کے ورکشاپس میں ہر ضلع کی سطح پر رضاکاروں کو تربیت دیں گے۔ کارکنان دعوت اور خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی یوسف کشمیری نے کہا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا مقصد باطل ادیان کا قلع قمع کرکے اسلام کو غالب کرنا تھا۔ انبیاء نے ہر دور میں انسانوں کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔

انبیاء کے راستے کو اختیار کرتے ہوئے ساری توانائیاں اسلام کے لیے صرف کریں گے تو ظلم و شرک کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ جماعة الدعوة ضلع مکران کے مسئول مجیب الرحمن زامرانی نے کہا کہ حصول جنت کے لیے جستجو کرنا اہل اسلام کا شیوہ ہے۔ نیت کا صاف ہونا اور اعمال کی درستگی قبولیات اعمال کے لیے ضروری ہے۔ موجودہ دور میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے تعلیمات نبوی سے رہنمائی لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔

جامعہ الدراسات کے مدیر تعلیم شیخ یحییٰ بھٹی نے کہا کہ اہل اسلام کے لیے دعوت کے میدان میں سب سے بڑا ہتھیار حکمت اور صبر ہے۔ کفریہ طاقتیں ہماری دعوت کو غیر موثر بنانے کے لیے اپنی ناپاک سازشوں میں مصروف ہیں۔ قرآن کی غلط تشریح کرکے قتل و غارت گری کے راستے ہموار کرنے والے سخت گمراہی میں مبتلا ہیں۔ عالم دین مفتی کلیم اللہ نے کہا کہ قرآن سب سے بڑا معجزہ ہے۔

قرآن کی تعلیم انتہائی آسان ہے٬ بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔ ہر فرد داعی بن کر قرآن کی تعلیم عام کرے۔شہری دفاع ورکشاپس کے انچارج انجینئر حارث ڈار نے کہا کہ مظلوم مسلمانوں کے درد کو اپنا درد سمجھنے سے ہی خدمت انسانیت کا جذبہ پروان چڑھے گا۔ شہریوں کی مناسب تربیت سے نقصانات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ حادثات میں ستر فیصد افرد تماش بین نظر آتے ہیں۔ شہریوں کو تربیت دے کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنائیں گے۔