میٹرک بورڈ الیکشن٬لیاقت اللہ غلام عباس بلوچ کے حق میں دستبردار

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء)میٹرک بورڈ الیکشن کیلئے پیک کے نامزد نمائندے غلام عباس بلوچ کے حق میں لیاقت اللہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لی ٬جبکہ اوپی ایس اے ایم کے چیئرمین نے 4سواسکولزمنتظمین کے ہمراہ میٹرک بورڈ الیکشن میں غلام عباس کی حمایت کا اعلان کردیا٬ تفصیلات کے مطابق پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے تحت میٹرک بورڈ الیکشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں جبکہ پیک کے نامزد نمائندے کی حمایت کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے اسی سلسلے میں ممبر میٹرک بورڈ لیاقت اللہ نے حال ہی میں کاغذات نامزدگی واپس لیتے ہوئے درجنوں اسکولز منتظمین کے ہمراہ پیک کے نامزد نمائندے کی حمایت کی اور ان کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاون میں او پی ایس اے ایم کے چیئرمین محمد تقی کی صدارت میں الیکشن سے متعلق کارنر میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں معراج صدیقی٬ فرخ صدیقی اور دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کرتے ہوئے 4سواسکولز منتظمین کے ہمراہ غلام عباس بلوچ کی حمایت کردی۔

(جاری ہے)

اورنگی پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد تقی کا کہنا تھا کہ رواں سال بھی پیک کا نامزد نمائندہ ہی میٹرک بورڈ کا الیکشن جیت کر تاریخ رقم کریگا۔

پیک کے صدر سید شہزاد اختر نے حمایت کرنے والے تمام اسکولزسربراہان اورمنتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ انشاء اللہ19اکتوبر کاسورج ہماری جیت کے ساتھ ہی طلوع ہوگا۔پیک کے نامزد نمائندے غلام عباس بلوچ نے بھی حمایت کرنے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ میٹرک بورڈ کے الیکشن میں کامیاب ہوکراسکولزکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کروں گا۔