گیس قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ واپس لینے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراداد جمع

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے گیس کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ واپس لینے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراداد جمع کروا دی۔اپنی قرارداد میں خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ اضافہ بلا جواز ہے ٬ اس سے عام گھریلو صارفین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ٬ گیس امپورٹ نہیں ہوتی بلکہ پاکستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے اس پر 36 فیصد اضافہ صارفین کا استحصال ہے ٬ انھوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے تندوروں والے ناجائز فائدہ اٹھائیں گے اور روٹی مہنگی ہوگی یا اس کا وزن کم ہوگا ٬ دونوں صورتوں میں عوام متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافہ سے انڈسٹریز بھی متاثر ہوگی اور ان کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا ٬ اضافے کا اثر براہ راست عوام پر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے انڈسٹریز بند ٬ بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوگا ٬ اس لیے حکومت سے عوام دشمن فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔(ایم سلیمان)