کوئٹہ٬وزیراعلیٰ بلوچستان کا عاشورہ محرم کے پر امن انعقاد پرا ظہار اطمینان

پولیس٬ لیویز٬ ایف سی ٬ پاک فوج اور انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں عاشورہ کے جلوسوں کے پر امن انعقاد پر اطمنان کااظہار کر تے ہوئے پولیس٬ لیویز٬ ایف سی ٬ پاک فوج اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے بہترین اقدامات مثالی ٹیم ورک کے باعث ممکن ہو سکے جس کے لئے چیف سیکرٹری ٬ آئی جی پولیس٬ آئی جی ایف سی ٬ کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ساتھ تمام سیکیورٹی فورسز کے جوان و آفیسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔

جنہوں نے دن رات کی انتھک محنت اور کاوشوں سے محرم الحرام اور عاشورہ کے لئے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی۔ جبکہ پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ اور پولیس کو بھر پورمعاونت حاصل رہی جسکے لئے ہم پاک فوج کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر کے عوام بالخصوص تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام کا بھی شکر یہ ادا کیا ہے۔ جہنوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی بر قرار رکھ کر امن٬ بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ میں اہم کر دار ادا کیا اور سیکیورٹی اداروں کو ان کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم آئندہ بھی اسی طرح باہمی اتحاد واتفاق سے منفی سوچ اور ذہنیت کو ہر صورت شکست دیں گے اور کسی فرد٬ افراد اور گروہوں کو مذموم مقاصد کے حصول کے لئے صوبے میں تفرقہ اور نفرت پیدا نہیں کرنے دی جائے گی۔ دریںاثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان عاشورہ کے روز چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور آئی جی پولیس احسن محبوب سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے حفاظتی اقدامات اور عاشورہ کے جلوس کے روٹ کے حوالے سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ انہیں ہدایات دیتے رہے۔ جلوس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں کو شاباش کا پیغام پہنچایا گیا۔