پشاور٬مشتاق احمد غنی کا محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ٬ اعلیٰ تعلیم اور صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پورے صوبے اور خصوصاً پشاور میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان انتظامات کی وجہ سے پورے صوبے اور پشاور میں محرم کے دوران امن و امان رہا۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی ہدایت پر تمام صوبے میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اعلیٰ انتظامات کئے گئے تھے اور اس سلسلے میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے عام شہریوں اور تمام مکاتب فکر کے علماء کو اعتماد میں لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان انتظامات کی وجہ سے جلوس پر امن انداز میں اپنے روایتی راستوں سے گزرے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور شہر میں 103سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی گئی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ٬ پولیس اور دوسرے محکموں نے مل کر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کوششیں کی۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں آٹھ ہزار پولیس اہلکار حفاظتی انتظامات کیلئے تعینات کئے گئے جبکہ جلوس کے روایتی راستوں کا پوری طرح تحفظ کیا گیا تھا ۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ان انتظامات کی وجہ سے پشاور کے قریب آٹھ او پی جی ٬ سات راکٹ پکڑے گئے اور اس طرح پشاور کو تباہی سے بچایا گیا۔مشیر برائے اطلاعات نے بتایا کہ سول انتظامیہ اور پولیس کے علاوہ پاک فوج نے بھی محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کیا اور انٹلی جنس اداروں نے باقاعدہ طور پر ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے صوبائی حکومت کے ترجمان اور کابینہ کے رکن کی حیثیت سے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے کئی شہروں میں حفاظتی انتظامات بہترین رہے اور سول اور پولیس انتظامیہ اس سلسلے میں پوری طرح مستعدرہی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہر جلوس کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سے حساس شہروں سمیت پورے صوبے میں حالات قابل اطمینان رہے۔

انہوں نے کہا کہ زبردست حفاظتی انتظامات اور بہتر منصوبہ بندی کی وجہ سے دس محرم الحرام امن کے ساتھ گزرگیا۔مشیر وزیر اعلیٰ مشتاق احمد غنی نے محرم الحرام کے دوران زبردست امن و امان برقرار رکھنے٬عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے صوبے کی ایڈمنسٹریشن کو بھی خراج تحسین پیش کیااور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے انتظامات اور منصوبہ بندی کی وجہ سے سارا سال امن و امان برقرار رہے گا۔

متعلقہ عنوان :