پرامن محرم الحرام ٬کالعدم تنظیموں کو لگام دینے کے مثبت اثرات مرتب ہوئے‘پیر معصوم نقوی

دہشت گردی اورتکفیریت پھیلانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے‘ سربراہ جے یو پی نیازی کی گفتگو

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا تقدس ہر مسلمان پر فرض ہے٬ سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے یزیدیت کے خلاف قیام کے مہینے میں امن و امان قائم رکھنے پر فوج کا کردارقابل تحسین ہے٬کالعدم تنظیموں اور دھمکیا ں دینے والوں کو لگام دینے کے مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

پیر اختر رسول قادری٬ ڈاکٹر امجد حسین چشتی اور عنصر فرید چشتی سے گفتگوکرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ محر م الحرام میں شیعہ سنی اتحاد مثالی رہا٬ جس کا کریڈٹ سکیورٹی اداروں اورپرامن مذہبی قیادت کو جاتا ہے۔کیونکہ شرپسندوں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں دونوں مکاتب فکر کے پیروکاروں کا کردارمثالی رہا ہے اور انہیں اب استحکام پاکستان کے ساتھ وطن دشمن عناصر کا قلع قمع بھی کرناہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ شرپسندی کے کسی بڑے واقعہ کا نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ عوام پرا من ہیں٬ چندشرپسند خارجی عناصر نے اپنی سوچ لوگوں پر مسلط کرنے کی سازش کی تو انہیں منہ کی کھانی پڑی۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ اتحادو وحدت کی موجودہ فضا برقراررکھی گئی تو جلد ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور خارجی عناصر ختم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اسلام کے پیروکار ہیں٬ فقہی اختلافات کو دشمنی کا باعث نہیں بننا چاہیے۔اسلام پیارو محبت اور الفت کا دین ہے۔دہشت گردی اورتکفیریت پھیلانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ یہ خارجی عناصر بھارت اور امریکہ کے ایجنٹ ہیں٬ جو اسلام کو کمزورکرنا چاہتے ہیں۔عوام ان سے باخبر رہیں۔

متعلقہ عنوان :