وزیر اعظم نواز شریف ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں٬ احسن اقبال

پچھلے تین سالوں میں پاکستا ں کے اقتصادی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں٬ آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان میں سیکورٹی حالات میں بہتری آئی ہے٬وفاقی وزیر کا دورہ جاپان٬انٹرویو٬ملاقاتیں

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) وفاقی وزہر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جاپان کا دو روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے ورلڈ مارکیٹنگ سمٹ میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے ایشین پروڈکٹوٹی آرگنازئشن کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے جاپان بینک فار انٹرنیشنل کارپوریشن کے گورنر سے بھی ملاقات کی۔ اس دورے میں انہوں نے جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے چییرمین سے بھی ملاقات کی۔

اور جاپان کے ہفتہ وار انگریزی جریدے کو بھی انٹرویو دیا۔اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پچھلے تین سالوں میں پاکستا ں کے اقتصادی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں۔ فارن ایکسچینج ریزورز کے ذخائر دوگنا ہوئے ہیں جبکہ مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

مارگن سٹنلے نے پاکستان کو ابھرتی معیشت قرار دیا ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج ایشیا کی تین بڑی سٹاک ایکسچینج میں شامل ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس راہداری سے تین ارب لوگ کو رابطے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے صرف دو ممالک کو فائدہ نہیں ہو گا بلکہ یورپین یو نین ٬ مڈل ایسٹ ٬امریکہ اور ایشیا بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے جاپان کو ٹرانسپورٹ اور توانئی کے شعبوں میں تعاون کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان میں سیکورٹی کے حالات بہتر ہو گئے ہیں۔ایل او سی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی طرف سے کئے جانے والی پر تشدد کاروائیوں سے ہزاروں کشمیری شہید اور زحمی ہو چکے ہیں ۔۔شہزاد