شانگلہ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہزاروں اے ٹی ایم کارڈ بلاک ٬ مظاہرین کا احتجاج٬ 15دن کی ڈیڈلائن دیدی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:14

الپوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء)شانگلہ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہزاروں اے ٹی ایم کارڈ بلاک ہوگئے٬مستحقین کا اے ٹی ایم بندش کے خلاف اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ٬مظاہرین نے اے ٹی ایم کو کھولوانے کیلئے 15دن کی ڈیڈ لائن دیدی٬مسئلہ حل نہ ہوا تو الپوری کے مرکزی چوک میں دھرنا دیں گے۔اے ٹی ایم کارڈز بندش کے ٹیکنکل فالٹ معلوم نہیں ٬اب تک دوہزار سے زائد کمپلنٹس رجسٹرڈ کر کے ہیڈ کوارٹر بھیج دی ہے ٬اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی ائی ایس پی کی وضاحت۔

تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کے تحصیل الپوری اور تحصیل کانا میں بے نظیر ان کم سپورٹ پروگرام کے ہزاروں اے ٹی ایمز کارڈ گزشتہ دوماہ سے بند پڑے ہیں٬کارڈز کی بندش سے مستحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٬گزشتہ روز کارڈز کو دوبارہ رجسٹر کرنے کیلئے انے والے لوگوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر ان کم سپورٹ پروگرام کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ٬مظاہرے کے قیادت پی پی کے رہنمائ ناظم انجینئرمحمدعالم کر رہے تھے٬مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بے نظیر ان کم سپورٹ پروگرام کا مقصد غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے٬پیپلز پارٹی نے اپنی دور حکومت میں بے نظیر ان کم سپورٹ پروگرام کا اجرائ کیا جس کا مقصد ملک کے غریب اور نادار طبقہ کا مالی معاونت کرنا تھا٬اب ایسا نہیں لگ رہا ہے کہ موجودہ حکومت بے نظیر ان کم سپورٹ پروگرام کے سسٹم کو برقرار رکھنا چاہتی ہے٬اور اس لئے ہزاروں کی تعداد میں کارڈز بلاک کئے٬صوبہ سندھ میں بی ائی ایس پی کے تحت ان غریب نادار افراد کو دس ہزار روپے وظیفہ دیا جارہا ہے٬مظاہرین نے پندرہ دن کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر پندرہ دن کے اندر اندر ہمارے اے ٹی ایم فعال نہ ہوئے تو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر الپوری چوک میں دھرنا دیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر ان کم سپورٹ پروگرام سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایمز بندش کا ٹیکنیکل فالٹ معلوم نہیں ٬تاہم اب تک دو ہزار سے زائد کمپلینٹس کو رجسٹرڈ کرکے ہیڈ کوارٹر بھیج دی ہے٬رجسٹریشن کا یہ عمل ایک ہفتہ سے جاری ہے۔