بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجائیگا٬ نااہل اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی

گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفرجھگڑا کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو فاٹا میں تعلیمی اداروں کومزید فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بہتر اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنایاجائے ٬ تعلیم ہی قوموں کی ترقی وخوشحالی کی ضامن ہے اور تعلیم کی بدولت ہی فاٹامیں مثبت تبدیلی آئیگی اور قبائلی عوام ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

وہ جمعرات کے روز گورنرہا$س پشاورمیں فاٹا میں تعلیمی اداروںکے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمدفداوزیر٬ سیکرٹری سوشل سیکٹرڈیپارٹمنٹ یوسف رحیم ٬ سیکرٹری پی اینڈڈی فاٹا اور دیگرمتعلقہ حکام بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فاٹامیں تعلیمی اداروں اور تعلیمی سہولیات کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں فاٹا میں تعلیم کے حوالے سے درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور جدید دور سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئی۔ گورنرنے فاٹا کے تمام ایجنسیوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجائیگا۔گورنرنے کہاکہ نااہل اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ہماراہدف ہے کہ فاٹامیں شرح خواندگی 100فیصد تک بڑھائی جائے اور اس ضمن میں بہتر اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔