اسکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین ‘محمد انور اور سرفراز مرچنٹ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ناکافی شہادتوں کے باعث ختم کردیا

کیس کی تفتیش کے دوران 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ٬ 28 انٹرویوز اور 100 گواہوں کے بیان لئے گئے٬تفتیش میں برطانیہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں 9 مقامات کی تلاشی لی گئی٬ میٹرو پولیٹن پولیس کا اعلامیہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ بانی الطاف حسین ‘محمد انور اور سرفراز مرچنٹ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ناکافی شہادتوں کے باعث ختم کر دیا۔ جمعرات کو میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم کر دیا۔ یہ کیس کرائون پراسیکیوشن کورٹ کی ہدایت پر ختم کیا گیا۔

(جاری ہے)

محمد انور اور سرفراز مرچنٹ کے خلاف بھی دائر کیس ختم کر دئیے گئے۔ کیس ناکافی ثبوت کی بناء پر ختم کیا گیا۔ لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کیس کی تفتیش کے دوران 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران 28 انٹرویوز اور 100 گواہوں کے بیان لئے گئے۔ تفتیش میں برطانیہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں 9 مقامات کی تلاشی لی گئی۔ …(رانا)