حیدرآباد٬ امام حسین ؑ نے میدان کربلا میں کلمہ حق بلند کر کے محمد مصطفی ﷺکے دین کو زندہ کر دیا٬ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

صدرجمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کا شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:44

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) صدرجمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے مرکزی دارلعلوم فیصل ٹائون کاہنہ نو میں شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ نے میدان کربلا میں ظالم و جابر حکمران کے سامنے دٹ کر کلمہ حق بلند کر کے ہمیشہ کے لئے نانا محمد مصطفی ﷺکے دین کو زندہ کر دیا۔

آپ کی شہادت بے مثل و مثال ہے ۔جس طرح حضور نبی کریم ﷺ کا کوئی مثل نہیں آپ ﷺ تمام انبیاء کے سردار ہیں اِسی طرح شہادت امام حسین ؑ کا بھی کو ئی مثل نہیں اور آپ تمام شہداء کے سردار ہیں۔ تاریخ ِ اسلام شہداء سے بھری ہوئی ہے جن میں غزوہ بدر سے لیکر بہت سارے معرکے اور جنگیں ہوئی ہیں لیکن جو مقام امام حسین ؑ کو عطاء ہوا کسی دوسرے شہید کے حصہ میں وہ مقام نہیں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ نے جنگ اور فاقہ کشی اور ریت کی گرم ہوائوں میں بھی نماز سے رو گردانی نہیں کی ۔ باطل کا مقابلہ کرنے کیلئے فلسفہ شہادت حسین کو سمجھنے کی ضرورت ہے٬ انہوں نے عوام سے مسلک و ذات سے بلا تفریق ہو کر آپس میں اتفاق واتحادسے رہنے کی اپیل بھی کی۔کانفرنس میں حافظ محمد ارشد رضوی٬صدر جماعت اہلسنت کاہنہ حافظ ندیم جیلانی٬ محمد اسلام قصوری ٬ جاوید قصوری ٬چوہدری آس محمد میو ٬ چوہدری واحد اقبال ایڈووکیٹ٬طاہر خاں میو۔مولانا بشیر احمد محمودی اور علماء کرام کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :