پشاور٬ پولیس کی موثر حکمت عملی سے محرم پُرامن طریقے سے منایا گیا

صوبہ بھر میں پُر محرم الحرام کا پُرامن منانا صوبائی پولیس کی موثر حکمت عملی کی آئینہ دار ہے٬آئی جی پولیس کے پی کے

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) صوبہ بھر میں پُر محرم الحرام کا پُرامن منانا صوبائی پولیس کی موثر حکمت عملی کی آئینہ دار ہے۔ محرم کے دوران مسلسل دہشت گردی کا خطرہ موجود رہا اور مسلسل یہ تاثر دیاجارہا تھا کہ شرپسند مسلمانوں کے صفوں میں انتشار اور نفاق پھیلانے کے لیے محرم سے متعلق پروگراموں کو نشانہ بنائے گی۔ تاہم پولیس نے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی جس کی وجہ سے محرم کے بابرکت ایام میں امن اور مکمل ہم آہنگی برقرار رہی۔

واضح رہے کہ حکمت عملی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ محرم سے پہلے کی منصوبہ بندی٬ محرم کے دوران اور محرم کے بعد کی حکمت عملی۔ محرم سے پہلے کی حکمت عملی کے تحت پولیس نے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول دونوں مسلکوں کے رہنمائوں٬ مقامی عمائدین٬ تاجر برادری اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرکے محرم کے جلوسوں کے اوقات اور گزر گاہوں سے متعلق متنازعہ مسائل کو حل کرایا۔

(جاری ہے)

پولیس نے کامیابی کے ساتھ تمام پارٹیوں کو ضابطہ اخلاق پر راضی کیا جس کے تحت اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تقاریر نہیں ہوگی۔ اسی طرح اس امر کو بھی یقینی بنایا گیا کہ لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال پر سخت چیک رکھی جائیگی۔ اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر خان دُرانی نے صوبے کے حساس ترین اضلاع ہنگو٬ کوہاٹ٬ پشاور اور ساتھ ساتھ نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں وہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور امن و برقرار رکھنے کے لیے ان اضلاع کے راہنمائوں اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے ملے۔

ان دوروں کے دوران آئی جی پی نے مقامی پولیس کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔اور محرم کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے من و عن عمل درآمد کرانے کی ہدایت بھی کی۔ محرم کی دوسری حکمت عملی کے تحت جلوسوں کے دوران پولیس نے جلوسوں کی سرویلنس ( نگرانی) کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنیکل آلات (Gadgetry) استعمال کئے جن کی مدد سے شرپسندوں کی کسی بھی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی رکھی گئی۔

اس مقصد کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے٬ ڈوم کیمرے اور گاڑیوں کے اوپر360 ڈگری پر متحرک کیمرے نصب کئے گئے۔ ان اقدامات کے ساتھ ساتھ جلوسوں کی نگرانی اور مانیئرنگ کے لیے پہلی بار اعلیٰ جدید ٹیکنالوجی کے حامل ڈوم کیمرے بھی استعمال کئے گئے۔ جدید آلات اور افرادی قوت کی تعیناتی اس ترتیب سے کی گئی کہ پولیس نفری کو ٹیکنیکل آوزار اور آلات سے بھر پور استفادہ کرنا پڑا جس کی وجہ سے شرپسندوں کو انتشار پھیلانے کا کوئی موقع ہاتھ نہیں آیا۔

زندگی کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے محرم کے جلوسوں کے لیے پولیس نفری اور نئے آلات اور ٹیکنالوجی کے موثر اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے اعلیٰ کمانڈ کی کوششوں کو سراہا۔ آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے تمام فیلڈ کمانڈروں کی جانب سے محرم کے لیے موثر منصوبہ بندی کرنے اور اس پر سختی سے کاربند رہنے کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اور پولیس آفسروں پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے اپنے علاقوں میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں۔ آئی جی پی نے مختلف طبقوں کے سربراہوں٬ عمائدین٬ سیاسی رہنمائوں اور میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیاہے۔ جنہوں نے محرم کے دوران امن و آمان اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کے ساتھ مکمل عملی تعاون کا بھر پور مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :