خیبر پختونخوا حکومت شعبہ تعلیم کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے٬محب اللہ

کوئی قوم معیاری تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی٬مراد سعید

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کالا کلے سوات میں گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کی تکمیل شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے کیونکہ کوئی قوم معیاری تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

واضح رہے کہ مذکورہ سکول کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دیا گیا تھا جس کی عمارت پر تقریباً ایک کروڑ تیس لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سعید خان٬حاجی فضل مولا٬حاجی محمد رحمن٬پی کی83کے آرگنائزرعزیز الرحمن٬اے ڈی او سوات اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محب اللہ خان اور مراد سعید نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی مخلوط حکومت بنی تو صرف ضلع سوات میں تقریباً52بھوت سکول دریافت ہوئے جن کے اساتذہ گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرتے رہے۔

موجودہ حکومت نے تعلیم کی اہمیت اور ضرورت کے پیش نظر سب سے پہلے ان بھوت سکولوں کو چالو کیا گیااور ان میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے شعبے میں جو اصلاحات نافذ کی ہیں ان کے نتیجے میں صوبے بھر میں 34ہزار طلبا ء و طالبات نجی سے سرکاری سکولوں میں آگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی صاف و شفاف میرٹ پالیسی پر بھی عمل درآمد کو یقینی بنایا ہے اور تقریباً14ہزار اساتذہ کو این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کیا گیا جس سے نہ صرف اساتذہ کی کمی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے بلکہ اس سے تعلیمی معیارپر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

علاوہ ازیں اساتذہ کی حاضری اور فرائض کی ادائیگی کے لئے ایک انڈیپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔قبل ازیں معاون خصوصی محب اللہ اور ممبر قومی اسمبلی مراد سعید نے تختی کی نقاب کشائی کر کے نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :