آزاد جموں و کشمیر میں غربت کے خاتمے میں بی آئی ایس پی کا کردار قابل ستائش ہے٬

صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان کا کانفرنس سے خطاب چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن٬ ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی فاروق طاہر اور بی آئی ایس پی مستحقین کی تقریب میںشرکت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں غربت کے خاتمے میں بی آئی ایس پی کا کردار قابل ستائش ہے٬ پروگرام نے غربت کے خاتمے٬ پرائمری سکولوں میں بچوں کے اندارج اور خواتین کی بااختیاری کیلئے قابل ذکر نتائج حاصل کئے ہیں جس کی بدولت یہ رول ماڈل سوشل سیفٹی نیٹ بن چکا ہے جسے عالی بینک٬ آئی ایم ایف٬ ڈی ایف آئی ڈی اور اے ڈی بی نے تسلیم کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے ایک کانفرنس کے دوران کیا جس میں بی آئی ایس پی کارکردگی رپورٹ 2014-16 پیش کی گئی۔ تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن٬ ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی فاروق طاہر٬ وزیر ورکس چوہدری عزیز٬ وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی٬ وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی٬ وزیر جنگلات میر علی اکبر٬ وزیر برائے سماجی بہبود اورترقی نسواں نورین عارف٬ مختلف محکموں کے سیکرٹریز٬ این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان٬ صحافی اور بی آئی ایس پی مستحقین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ میر ادل مقبوضہ کشمیر کے ان معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کیلئے بہت دکھی ہے جنہیں گولیاں مار کر نابینا کردیا گیا اور جو کرفیو اور بھارتی مظالم کے باوجود اپنے آزادی کے بنیادی حق کیلئے سڑکوں پر نکلے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام فورمز پر کشمیر کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کشمیری جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدر اور وزیر اعظم آزاد جموںو کشمیرتمام فورمز پر کشمیر کی اخلاقی و سیاسی حمایت کیلئے انتہائی موزوں ہیں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق اس کے حل کیلئے آخری دم تک کوشش کرتے رہیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر کی اقوام متحدہ سمیت ہر سطح پرشاندار وکالت کرنے پر انکی تعریف کی۔

بی آئی ایس پی کے بارے میں بات کرتے ہوئے محترمہ ماروی میمن نے کہا گزشتہ دو سالوں میں بی آئی ایس پی نے کئی سنگ میل حاصل کئے ہیں۔ آزاد جموں کشمیر کے 169,144 گھرانے سہ ماہی بنیادوں پر بی آئی ایس پی کی جانب سے وظائف حاصل کررہے ہیں اورمیر پور٬ باغ اور کوٹلی میں وسیلہ تعلیم (WeT) اقدام کے تحت 34,185 بچوں کا اندارج کیا جاچکا ہے۔ ادائیگی کے نظام میں شافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بی آئی ایس پی نے بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کا آغاز کردیا ہے۔

قومی سماجی و اقتصادی رجسٹریNSER کو اپڈیٹ کرنے کیلئے نئے غربت سروے کے ابتدائی مرحلے میں آزاد کشمیر سے میرپور کو شامل کیا گیا ہے۔ اپڈیٹ NSER ملک میں منصوبہ بندی اور ترقی کیلئے ایک اثاثہ ہوگا اور آزاد جموں کشمیر حکومت کے تمام ادارے اس سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایک منفرد پروگرام ہ جو غربت میں کمی٬ بھوک کے خاتمے٬ معیاری تعلیم کی فراہمی اور صنفی مساوات کے پائیدار ترقی کے اہداف کی حمایت کرتا ہے۔

بی آئی ایس پی کا بنیادی مقصدخواتین کو عزت نفس کیساتھ بااختیار بنانا اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا خواتین کو اسلام میں اعلی مقام حاصل ہے۔ خواتین کو اسلامی اصولوں کے مطابق انکا حق دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین پر فخر ہے کہ وہ معاشی اور معاشرتی رکاوٹوں کے باوجود وہ اپنے حقوق کیلئے لڑ رہی ہیں۔ صدر آزاد جموں کشمیر نے دس مستحق خواتین میں غربت کے خلاف انکی جدوجہد کے اعزاز میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر مستحق خواتین نے بتایا کہ مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بی آئی ایس پی نے انہیں سماجی و معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیاہے۔

متعلقہ عنوان :