زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ادارہ اپنی ذمہ داریاں فرض سمجھ کر ادا کرے ٬ڈی سی او اوکاڑہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:33

اوکاڑہ۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء)ڈی سی او سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ ضلع میں زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ہر سرکاری ادارہ اپنی ذمہ داریوں کو فرض سمجھ کر ادا کرے ٬ضلع میں کاشتکاروں کو معیاری بیج ٬کھاد اور زرعی ادویات کی دستیابی مقررہ نرخوں پر کروانے کیلئے نظر رکھی جائے اور زراعت انسپکٹرز فیلڈ میں اپنی کار کردگی کو بہتر بنائیں٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ٬اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر چوہدری محمد ریاض ٬ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت ٬ڈی او زراعت توسیع چوہدری فاروق جاوید ٬ڈی او سی چوہدری طاہر امین٬ڈپٹی ڈی او زراعت چوہدری شہباز اختر ٬ایکسیئن انہار ثاقب رحمانی ٬چیئرمین کسان اتحاد میاں محمد فاروق اورکاشتکاروں کے نمائندہ خالد پرویز سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی ٬ڈی سی او نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی براہ راست زرعی معیشت سے جڑی ہوئی ہے٬ اس شعبہ کو ترقی یافتہ اور کسانوں کیلئے منافع بخش بنانے کیلئے ہمیں ترجیحات طے کرنا ہیں ٬انہوں نے کہا کہ مستقبل کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کا بھر پور معاوضہ ملے ٬ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے فیصلوں پر عمل در آمد کیلئے متعلقہ محکمے اولین ترجیح دیں اور جو سفارشات صوبائی یا وفاقی حکومت کو بھیجی جاتی ہیں وہ بھی بروقت بھجوائی جائیں تاکہ کسانوں کی ترقی و خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کئے گئے فیصلوں کے نتائج ان تک پہنچ سکیں ٬اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک کے زمینداروں کو قرضہ جات کی فراہمی ٬کوآپریٹو سوسائٹیوں کو فعال بنانے ٬سبزی منڈیوں میں محکمہ زراعت کے افسران کی بولی کے وقت موجودگی کو یقینی بنانے اور کراپ رپورٹنگ و پیسٹ سکائٹنگ کیلئے فیلڈ عملہ کے کام کی موثر نگرانی کے سلسلہ میں بھی بریفنگ دی گئی ۔