ملک میں سالانہ آٹھ ہزارارب کی کرپشن اورسودی نظام نے ملکی معیشت کی قمرتوڑکررکھ دی ہے٬ لیاقت بلوچ

پانامہ لیکس کی تحقیقات کے سلسلے میں راہ فراراختیار کرنے کی بجائے وزیراعظم اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرکے ملک سے بے یقینی کی صورتحال کو ختم کریں٬ نواب شاہ میں منعقدہ تربیتی اجتماع سے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کا خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:06

نوابشاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ پر کہا کہ ملک میں سالانہ آٹھ ہزارارب کی کرپشن اورسودی نظام نے ملکی معیشت کی قمرتوڑکررکھ دی ہے٬کرپشن ودہشتگردی کے شیطانی کٹھ جوڑ کے خاتمے کے لیئے قومی ایکشن پلان پرمکمل عمل درآمد ناگزیر ہے٬پانامہ لیکس کی تحقیقات کے سلسلے میں راہ فراراختیار کرنے کی بجائے وزیراعظم اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرکے ملک سے بے یقینی کی صورتحال کو ختم کریں۔

کرپشن فری اوراسلامی پاکستان ہی عوامی مسائل کو حل اورملکی خوشحالی کا ضامن ہے۔ امام حسین نے ظلم کے خاتمے کے لئے اور اسلامی نظام کو بچانے کے لئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کر کے قیامت تک کے لئے مسلمانوں کے سامنے جو راستہ پیش کیا درحقیقت وہی راستہ دنیاوی اور اخروی کامیابی کا راستہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ ایک روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرنائب امراء اسداللہ بھٹو ٬سابق سینیٹرپروفیسر ابراہیم٬ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ٬جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو ٬ضلعی امیر سرور قریشی اورمقامی امیر نجف رضا نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ دہشتگردی اورتخریب کاری کی صورتحال نے پوری امت کو لرز کررکھ دیا ہے اتحاد امت کے ذریعے ہی اس کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قیادت ونظام کی تبدیلی کے لیئے جو راستہ اختیار کیا ہے وہی جمہوری پائدارراستہ ہے۔نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا کہ جنت کے مسافر ایک مقصد کے لیئے جیتے ہیں٬شہید ممتازقادری بھی ناموس رسالتﷺ کی خاطر اپنی جان دیکرمرادپاگیا۔جماعت اسلامی امام حسین ؓ کے مشن کوآگے بڑہانے کے لیئے کرپٹ قیادت کے خلاف اور شریعت کے نفاذ کے لیئے جدوجہد کرہی ہے۔

مرکزی نائب امیر وسینیٹر پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دستور میں واضح طورپر درج ہے کہ جماعت اسلامی کا عقیدہ لا الہ الااللہ ہوگا٬ہمارا حقیقی نصب العین اللہ کی رضا اورآخرت کی کامیابی ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ نے کہا کہ جماعت اسلامی عام آدمی کی عزت ووقاراوراسلامی پاکستان کے لیئے جدوجہد کررہی ہے۔سی پیک پاکستانی عوام کیلئے ایک بڑا اقتصادی پیغام ہے لیکن سازشی عناصر پاکستان کی خوشحالی نہیں چاہتے۔4تاء 6نومبرکو کراچی میں ہونے والا جماعت اسلامی سندھ کا اجتماع اسلامی انقلاب کی طرف پیش رفت ثابت ہوگا۔ اس موقع پر شام ٬بنگلہ دیش کشمیر کے شہداء کے لئے دعائے مغفرت بھی کروائی گئی۔