سرکاری ہسپتال کی توسیع کا معاملہ فائلوں میں دب کر رہ گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:34

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء)سرکاری مولا بخش ہسپتال کی توسیع اور ہسپتال میں مزید وارڈز بنانے کے علاوہ جدید سہولتوں سے میٹرنٹی آپریشن تھیٹر کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ فائلوں میں دب کر رہ گیا ہے ٬ دو سال قبل خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی روک تھام کیلئے حکومت نے مذکورہ منصوبے کی منظوری دی اور موجودہ عمارت کی توسیع کیلئے ملحقہ سرونٹ کوارٹرز کو یہاں سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کے سرونٹ کوارٹر زمیں شفٹ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا جس سے مولا بخش ہسپتال کو ڈویژنل میٹرنٹی ہسپتال کا درجہ مل جاتا٬ مگر اس حوالے سے تیار کی گئی تخمینہ رپورٹ جس میں ابتدائی طور پر پچیس کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی کو دیکھ کر صوبائی حکام نے آنکھیں پھیر لیں گزشتہ دو مالی سالوں کے آغاز سے قبل بھجوائی گئی سفارشات پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا ذرائع کے مطابق منصوبہ کی دستاویزات ترمیم کر کے بھی بھجوائی گئیں٬ مگر صوبائی حکام مسلسل’’چپ کا روزہ‘‘ توڑنے کو تیار نہیں٬شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔