کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گئیں٬ بھارت مظالم کی تمام حدیں پار کرچکا ہے٬کشمیری متحدہو کر اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں٬ سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے کیا گیا

کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس سے کشمیری رہنمائوں کا خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) کشمیری رہنمائوں نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گئیں٬بھارت مظالم کی تمام حدیں پار کر چکا ہے٬کشمیری متحدہو کر اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں٬ سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے کیا گیا۔کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی٬ کشمیری ضرور آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے٬شہداء کے لواحقین کی کفالت کیلئے شہداء فنڈز قائم کریں گے تاکہ ان کی کفالت کی جائے٬ بیرون ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے وفود بھیجے جائیں گے٬ ایسے لوگوں کو بھیجیں گے جو مسئلہ کشمیر سے آگاہی رکھتے ہوں٬24اکتوبر کو آزاد کشمیر میں سرکاری سطح پر بڑا دن منایا جائے گا تا کہ لوگوں کو اپنی آزادی کا احساس ہو 27اکتوبر کو بھی بھارتی قبضے کیلئے یوم سیاہ منایا جائے گا اور بھارتی قبضے کے خلاف بڑی ریلی نکالی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی میں وہ تسلسل نہیں رہا جس کا ہمیں نقصان ہوا اب وقت آگیا ہے کہ اب ہم ایک بار پھر سب متفق ہو کر کشمیر کی آزادی کے لیے کام کریں ٬آزاد کشمیر کو حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنائیں گے۔حالات کا تقاضا ہے کہ متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے ٬مقبوضہ کشمیر میں جاری انتفادہ میں روز بروز شدت آرہی ہے۔

جماعت اسلامی کے امیرعبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت مظالم کی تمام حدین عبور کر چکا ہے لیکن کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں ٬برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نئے انداز سے کشمیر میں تحریک اٹھی ہے اور بھارت کو پریشان کر دیا ہے٬ برہان وانی کی شہادت نے آزاد کشمیر٬ پاکستان اور عالمی سطح پر اپنے اثرات مرتب کئے ہیں۔ اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہمیں اتحاد و اتفاق کر کے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

سردار انور خان نے کہا کہ حکومت پاکستان بھرپور اندار سے مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرے٬ وزیراعظم نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں بھرپور نمائندگی کی ہے٬سابق وزیرعظم آزاد کشمیرچوھدری عبدالمجید نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر مظفرآباد اور اسلام آباد میں عالمی سفارتکاروں کو بلا کر مسئلہ کشمیر سے آگاہ کریں ٬پاکستان کا میڈیا اور عالمی میڈیا کو اس طرف متوجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جسٹس (ر) مجید ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر حکومت پاکستان ذمہ دار افراد کو بھیجے۔ اس موقع پر مشتاق ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایا جائے۔ مولانا سعید یوسف نے کہا کہ کشمیرکو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔