پیف پارٹنر سکولوں میںطالب علموں کی تعداد 25لاکھ تک پہنچ چکی ہے٬طارق محمود

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی کل تعداد 25لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ یہ اعدادوشمار اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ بے وسیلہ بچوں کی تعلیم کے منصوبوں سے فروغ تعلیم میں نمایا ںمدد ملی ہے٬اس طرح معاشی تنگ دستی کا شکار گھرانوں کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو چائلڈ لیبر کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے انہیں پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم دلوائیں تاکہ یہ بچے تعلیم کے ذریعے اپنا مستقبل سنوار سکیں۔

یہ بات مینجنگ ڈائریکٹر پنجا ب ایجوکیشن فائونڈیشن طارق محمود نے آج یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ ہفتہ واررابطہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز ٬پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرفروغ تعلیم کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس نے اس بات پر اطمینا ن کا اظہار کیا کہ کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے معاشی تنگدستی کو تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔

اس طرح لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایم ڈی پیف طارق محمودنے کہا کہ پارٹنر سکول اپنے عمارتی ڈھانچے کی بہتری پر خاطر خواہ توجہ دیں تا کہ طالب علموں کوموافق ماحول میں حصول تعلیم میں کوئی مشکل نہ آنے پائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے تصدیق شدہ بچوں کو داخل کر نے والے نجی سکول پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن سے رابطہ کریں تاکہ ان طالب علموں کو مفت تعلیم کے لیے ووچر زجاری کیے جاسکیں۔

اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ای ڈی او حضرات اپنے اپنے اضلاع میں نجی سکولوں کو با خبر رکھیں تاکہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی مفت تعلیم میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹنر سکول پیف کے سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم میں اپنے طالب علموں کا ضروری ریکارڈ بشمول والدین کے شناختی کارڈ کے درست اندراج کویقینی بنائیں ۔ اس موقع پر پروگرام ڈائریکٹرز نے مفت تعلیم کے منصوبوںکے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔