Live Updates

قوم جان چکی٬ عمران خان ملکی ترقی نہیں چاہتے٬ صغریٰ عائشہ

جمہوریت میں احتجاج سب کا حق مگرکوئی اپنی منفی سیاست سے پاکستان کو بند نہیں کرسکتا 30اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی ملک دشمنی سے کم نہیں٬ عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی مشیر صغریٰ عائشہ نے کہا ہے کہ جمہوریت میں احتجاج سب کا حق ضرور ہے لیکن اس کی ایک حد ہو تی ہے٬کوئی بھی اپنی منفی سیاست کے ذریعے پاکستان کو بند نہیں کرسکتا٬ عمران خان کی2014ء بھی انتشار کی سیاست ناکام ہوئی اب بھی عوام اسے ناکام بنا دینگے٬30اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی ملک دشمنی سے کم نہیں ٬ قوم جان چکی ہے کہ عمران خان ملکی ترقی نہیں چاہتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 101 میں ڈیرہ جاجوکی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں مسائل سنتے ہوئے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کا ایجنڈا ترقی اور عوام کی خدمت ہے جبکہ مخالفین صرف احتجاج پر یقین رکھتے ہیں٬ مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے دن رات محنت کررہی ہے 2018ء تک لوڈ شیڈنگ پر مکمل قابوب پالیں گے٬ملکی معیشت پہلے سے بہت مضبوط اور آئندہ مزید مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

صغریٰ عائشہ نے کہا کہ قوم جلائو گھیرائو اور منفی سیاست کے کلچر کو مسترد کرچکی ٬ سیاسی مخالفین کے دھرنوں کے باوجود حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی٬ملکی معیشت وزیر اعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں درست سمت میں گامزن ہوچکی ٬ ن لیگ کی حکومت دھرنوں ریلیوں اور انتشار کی سیاست کرنے٬ غیروں کے اشارے پر ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو خاطر میں لائے بغیر ملک و قوم کی خدمت کرتی رہے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات