کوہاٹ میں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

مرکزی ماتمی جلوس سخت سیکیورٹی حصار میں پر امن طور پر اختتام پزیر

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) کوہاٹ میں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیاجبکہ دسویں محرم الحرام کامرکزی ماتمی جلوس سخت سیکیورٹی حصار میں پر امن طور پر اختتام پزیر ہوگیا ۔اس موقع پر تمام مسالک کے افراد نے اپنے طور پرکربلا کے میدان میں اسلام کی سربلندی کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے نواسہ رسول ﷺ حضرت اما م حسینؓ اور انکے ساتھیوں کی قربانی کی یاد مناتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔

عاشورہ کے روز کوہاٹ شہر کے تین امام بارگاہوں رضویہ بنو ں بازار٬امام بارگاہ سید حبیب اور قومی امام بارگاہ سے برآمدہونیوالے ماتمی جلوسوں کے پر امن انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور موبائل فون سروس کو بند رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ماتمی جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوذل سکواڈ اور کھوجی کتوںکے ذریعے سویپنگ کرکے کلئیر کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کیا گیا اور جلوس کے راستے میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی۔

ماتمی جلوس کی دن بھر ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی اور سی سی ٹی وی وڈرون کیمروں کی مدد سے جلوس کی آخری لمحات تک ویڈیو فلمبندی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔یوم عاشورہ کے جلوسوں کی نگرانی کی خاطر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ تمام ضلعی انتظامی محکموںکے اہلکاروں اور مقامی عمائدین پر مشتمل بین المسالک امن کمیٹی کے ارکان کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی تھیں۔

عاشورہ محرم الحرام کے علم ٬تعزئیے اور ذولجناح کے تین ماتمی جلوس صبح گیارہ بجے بنوں بازار کے رضویہ امام بارگاہ٬ زرگراں بازار کے آغاسید حبیب امام بارگاہ اور قومی امام بارگاہ سے الگ الگ برآمد ہوئے جو اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہوکر میلاد چوک زرگران بازارمیںمرکزی جلوس کی شکل اختیار کرگیا جو اپنے مقررہ راستوںمین بازار٬مصطفی ٰ بازار اور جھنڈی سٹیشن سے ہوتا ہوا غاذی سید حلیم شاہ بابا کے مزار پر اختتام پزیر ہوا ۔جلوس میں شامل عزادار سینی کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے اور مرسیوں و نوحہ خوانی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔

متعلقہ عنوان :