پی ٹی آئی اپنی پالیسیوں کے باعث طبعی موت مرنے والی ہے ٬مستقبل اے این پی کا ہے٬ میاں افتخار حسین

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک سمیت تمام اہم معاملات پر دوغلے پن ٬ ابہام اور لاتعلقی پر مبنی رویوں پر گامزن ہیں جبکہ اس کے سربراہ عمران خان کو تخت لاہور ٬ تخت اسلام آباد پر قبضے کی کوشش میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار نظر آرہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونین کونسل چوکی ممریز نوشہرہ میں ایک اہم ورکرزتنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے این پی سیکرٹریٹ سے جاریکردہ بیان میں اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں نے صوبے کو بنی گالہ اور اس کے مخصوص ٹولے کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے اور اسی کا نیبجہ ہے کہ صوبے کے عوام نہ صرف حکومت سے بیزار اور مایوس ہو چکے ہیں بلکہ اب ان پر یہ بات بھی واضح ہو گئی ہے کہ صوبے اور عوام کے حقوق کا تحفظ صرف اے این پی ہی کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی کے نام و نہاد نعروں کی حقیقت جان چکے ہیں اور صوبے کے مفادات داؤ پر لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات تبدیلی والوں کے عوامی احتساب کا عمل ثابت ہو گا اور اے این پی ایک بار پھر عوام کی بھر پور توجہ اور اعتماد کا مرکز بنی ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مسئلہ حکومتی دعوؤں کے برعکس حل نہیں ہو رہا اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل نہیں ہو رہا ۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب بیسڈ دہشتگردوں پر ہاتھ نہ ڈالنے کے منفی اور خطر ناک نتائج برآمد ہو رہے ہیں جبکہ اب سرحدوں پر بھی جنگ اور بدترین کشیدگی کے بادل منڈلارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں کسی تاخیر اور مصلحت کے بغیر خارجی اور داخلی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلیاں لانی ہوں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ فاٹا ٬ سی پیک ٬ خارجہ پالیسی اور دہشتگردی کے معاملات پر اے این پی کا موقف باالکل واضح ہے اور اس ضمن میں صوبے کے حقوق کا ہر صورت میں دفاع کیا جائیگا۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی پالیسیوں کے باعث طبعی موت مرنے والی ہے اور مستقبل اے این پی کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر پارٹی کو متحرک کرنے کی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور اس وقت اے این پی وہ واحد پارٹی ہے جس کی سرگرمیاں اور پالیسیاں عوام کے مفادات اور خواہشات کی ترجمانی کر رہی ہیں۔ میاں افتخار حسین نے کہاکہ اوریجنل مغربی اکنامک کاریڈور کی تعمیر ہمارا مطالبہ ہے جس کا وعدہ وزیر اعظم نے آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کے سامنے کیا تھا۔

اُنہوں نے سی پیک میں مغربی روٹ کے سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وعدوں کی فراموشی کو فاٹا ٬ پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ قراردیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں مخصوص شدہ وسائل اور منصوبوں پر عملی کام پر ایک نظر ڈالنے سے یہ معلوم کرنا کوئی مشکل نہیں ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر پنجاب کی اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

اُنہوںنے کہا کہ مغربی اکنامک کوریڈور پختونوں کی معاشی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے ٬ اور جس طرح پنجاب پاکستان کا حصہ ہے پختون بیلٹ اور بلوچ بھی اسی ملک کا ایک حصہ ہیں لہٰذا وزیر اعظم اپنے وعدے پورا کرتے ہوئے پختون بیلٹ تا گوادر مغربی اکنامک کوریڈور کو اس کی اصل روح کے مطابق تعمیر کرائیں۔ ورکرز تنظیمی اجلاس سے حاجی زر علی خان اور اعجاز خان نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :