کویت حکومت کا غیر ملکیوں کیلئے اہم اعلان

بیوی بچوں کو ساتھ رکھنے کے لئے کم از کم تنخواہ کی حد دو سوپچاس کویتی دینار سے بڑھا کر چار سو پچاس کویتی دینار کردی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:14

کویت حکومت کا  غیر ملکیوں کیلئے اہم اعلان

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) کویت میں حکومت نے غیر ملکیوں کے لئے اپنے بیوی بچوں کو ساتھ رکھنے کے لئے کم از کم تنخواہ کی حد دو سوپچاس کویتی دینار سے بڑھا کر چار سو پچاس کویتی دینار کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکیوں کے لئے یہ فیصلہ کویت کے وزیرداخلہ شیخ محمد الخالد الصباح کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس کا مقصد کویت میں رہائش پذیر غیر ملکی خاندانوں کی تعداد کم کرکے اسے مقامی آبادی کے دوتہائی تک لانا ہے۔

کویتی قوانین کے تحت کسی بھی ملک کا کوئی بھی شہری جو کویت میں مقیم ہے اپنے بیوی بچوں اور دیگر عزیزوں کو اپنے ساتھ رکھ سکتا ہے تاہم اس کی اجازت صرف انہی غیر ملکیوں کو ملتی ہے جو کم از کم تنخوا ہ کی کسوٹی پر پورا اترتے ہیں٬ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اپنے بیوی بچوں کو کویت بلوانے والا غیر ملکی پبلک فنڈز کے بغیر ان کی کفالت کرسکے۔

(جاری ہے)

دوہزار چار میں کم از کم تنخواہ کی یہ حد دو سو پچاس کویتی دینارمقرر تھی تاکہ اپنے بیوی بچوں یا عزیزوں کو اپنے ساتھ رکھنے کے خواہش مند غیر ملکیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔گزرے کچھ سالوں کے دوران صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے اور کویت میں غیر ملکی خاندانوں کی تعداد میں اضافے کے بعد نئی پالیسیاں اور قانون متعارف کروائے جارہے ہیں تاکہ مقامی افراد اور غیر ملکیوں کی آبادی میں توازن برقرار رکھا جاسکے۔

کویت میں کا م کرنے والے ایشیائی اور عرب باشندوں جو کہ زیادہ تر تعمیرات اور خدمات کے شعبوں سے وابستہ ہیں کی ایک محدود تعداد ہی ماہانہ چار سو پچاس دینا کما رہی ہے۔ایسے تارکین وطن جو پہلے سے کویت میں موجود ہیں یا پیدا ہی وہاں ہوئے ہیں اور نئی مقررہ حد سے کم تنخواہ لے رہے ہیں کو استثنیٰ کا جائزہ ریذیڈنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے لیا جائے گا۔

فیصلے کے مطابق چودہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کو کم از کم تنخواہ کی حد سے استثنٰی دیا جائے گا جن میں مشیر٬ جج٬ پبلک پراسیکیوشن سٹاف٬ قانونی ماہرین٬ پبلک سیکٹر کے محققین٬ڈاکٹر٬ فارماسسٹ٬ یونیورسٹیوں٬ کالجوں اور ہائر ایجوکیشن اداروں کے پروفیسر٬ پبلک سکلوں کے پرنسپل٬وائس پرنسپل٬ایجوکیشن سپروائزر٬ٹیچر٬ انجیینئرز٬امام٬ مبلغ٬موذن٬قرآن ٹیچراور دیگر کیٹیگریز شامل ہیں۔۔