ججز نظر بندی کیس : مشرف کے بیرون ملک موجودگی کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع

عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) ججز نظر بندی کیس میں اسلام آباد پولیس نے پرویز مشرف کے گھر پر چھاپہ مار کر بیرون ملک موجودگی کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔ عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف ججز نظربندی کیس کی سماعت کی۔

سرکار کی جانب سے پبلک پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس نے پرویز مشرف کے چک شہزاد فارم ہاوس پر چھاپہ مارا جس کی تعمیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی۔ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی تعمیلی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرویز مشرف کی بیرون ملک موجودگی کا علم بھی انکے گھر پر چھاپہ مار کر ہوا۔دوران سماعت پرویز مشرف کے جونئیر وکیل نے سینئیر وکیل کے بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت سے وقت بھی مانگا۔ ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کوسابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت اعلیٰ عدلیہ کی60سے زائد ججز کو ان کے گھروں پر نظربندرکھنے کا الزام ہے۔( مہر علی خان)

متعلقہ عنوان :