مقبوضہ کشمیرمیں عزاداری سیدالشہداء پر پابندی قابل مذمت ہے٬ کشمیرانفوکے چیئرمین میرشاہی جہاں

جمعرات 13 اکتوبر 2016 17:58

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) کشمیرانفوکے چیئرمین میرشاہی جہاں نے مقبوضہ کشمیرمیں عزاداری سیدالشہداء پر پابندیوں خصوصاً یوم عاشورا کے جلوسوں کو روکنے کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال تین ماہ سے مسلسل خراب ہے اور بھارتی حکومت نے کرفیولگارکھاہے۔ اب محرم الحرام کے دوران عزاداری کے جلوسوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بعض علاقوں میں لوگوں نے عزاداری کے جلوس نکالنے کی کوشش کی ہے جن پر سیکورٹی فورسز نے تشدد کیاہے۔ مقبوضہ کشمیرکے عوام نے آزادی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور یہ درس انہیں کربلاسے ملاہے۔ امام عالی مقام نے عظیم قربانی دے کرقیامت تک حریت پسندوں کو حق پر قائم رہنے کا عزم اورباطل سے مقابلہ کرنے کی قوت عطا کردی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور عزاداری امام حسین علیہ السلام سمیت دیگر مذہبی اجتماعات پر پابندی ختم کروانے کے لئے اقدامات کرے۔