پنجاب کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریوں کیخلاف دائر درخواست پر وکلاء حتمی بحث کیلئے طلب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 17:24

لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریوں کیخلاف دائر درخواست پر وائس چانسلرز کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو پبلک سیکٹر یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کے سیکشن چودہ کے تحت میرٹ اور قوانین کی بنیاد پر تعینات کیا گیا‘انہوں نے کہا کہ قوانین کے تحت وائس چانسلرز کی تعیناتی سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مشاورت قانونی تقاضا نہیں‘انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کے عہدے کا تعلیم اور ریسرچ سے کوئی واسطہ نہیں بلکہ یہ عہدہ انتظامی نوعیت کاہے‘انہوں نے بتایا کہ معیار تعلیم کیلئے اساتذہ کی تربیت‘طالبعلموں اور اساتذہ کے بہترین روابط اور ریسرچ کے فروغ کے اقدامات کرنا فیکلٹی کا کام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اہل امیدواروں کو ہی صوبے کی چار یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کے عہدوں پر تعینات کیا گیا‘ عدالت نے کیس کی مزید سماعت سترہ اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے وائس چانسلرز کے وکلا کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :