اس سال محرم الحرام کے دوران پوری قوم نے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا

ملک کے قریہ قریہ میں عاشورہ محرم پورے عزت و احترام اور کامل امن و سکون سے منایا گیا وزیراعظم محمد نواز شریف کا بیان

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ اس سال محرم الحرام کے دوران پوری قوم نے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ملک کے قریہ قریہ میں عاشورہ محرم پورے عزت و احترام اور کامل امن و سکون سے منایا گیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ان کا ہر رکن شکریئے کا مستحق ہے جن کی فرض شناسی اور ذمہ داریوں سے لگن کے باعث پاکستان کے دشمنوں کو اپنے مذموم ارادوں میں کوئی کامیابی نہیں ملی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اہل وطن کو ان کے بلند شعور اور احساس ذمہ داری پر سراہا جنہوں نے لائق تعریف مستعدی کا نہ صرف مظاہرہ کیا بلکہ یہ باور کرایا کہ پاکستانی قوم تیزی سے فروعی تفریق سے آگے نکل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے لوگ دشمنوں کے پھیلائے ہر پروپیگنڈے کو حرف غلط کی طرح مٹا کر ہر قسم کے تعصبات سے بلند ہو کر عالم اقوام میں مثالی نام بنائیں گے اور پاکستان بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے عین مطابق تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مثالی ریاست بنے گا۔