ٹورازم کارپوریشن کاطلباء کیلئے اسلامیہ کالج ٬ صاحبزادہ عبدالقیوم میوزیم دورے کا انعقاد

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:55

پشاور۔13اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے طلبہ و طالبات کیلئے صوبہ کے تاریخی مقامات کے بارے آگاہی سے متعلق دورے کا اہتمام کیا جس میں روٹس ملینیئم سکول کے طلبہ و طالبات کو پشاور کے تاریخی اسلامیہ کالج ٬ صاحبزادہ عبدالقیوم میوزیم ٬ کانووکیشن ہال پشاور یونیورسٹی اور پی آئی اے پلانیٹیریم حیات آباد کا معلوماتی دورہ کرایا گیا٬ اس موقع پر ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے کنسلٹنٹ ظہور درانی بھی موجود تھے جن کی زیرنگرانی طلبہ و طالبات نے اسلامیہ کالج پشاور میں تاریخی روس کیپل ہال ٬ خیبر ہال ٬ اسلامیہ کالج سکول اور دیگر مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا ٬ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز نے تمام طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہا اور اس کے معلوماتی دورے کو سراہا ٬ صاحبزادہ عبدالقیوم میوزیم کے دورے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر میوزیم نے میوزیم میں موجود گندھارا آرٹ اور تاریخی سکوں کے بارے میں معلومات فراہم کی ٬ طلباء ساتھ ہی پشاور یونیورسٹی کے کانووکیشن ہال بھی گئے ٬ آخر میں پی آئی اے پلانیٹیریم حیات آباد کا دورہ کیا جہاں پر لگائے گئے سولر سسٹم ٬ پلانٹس ٬ ستاروں اور آرٹ الیکٹرانک سامان کے بارے میںبتایا گیا ٬ٹوازم کنسلٹنٹ ظہور درانی نے کہاکہ معلوماتی دورے سے طلباء کو اپنے صوبہ میں موجود تاریخی نوادرات ٬ میوزیم اور دیگر اشیاء کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی اور ان کے علم میں اضافہ ہوگا٬ دورے کے اختتام پر سکول انتظامیہ ٬ طلباء اور دیگر نے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے دورے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ اس طرح کے دورے سے طلبہ و طالبات کو اپنے شہر میں موجود تاریخی مقامات کے بارے میں معلومات اور آگاہی فراہم ہو گی اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔