فروغ علم صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ٬عبدالحفیظ

یہی وجہ ہے غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے صوبہ میں فروغ علم کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کو صوبائی حکومت مکمل تعاون فراہم کررہی ہے٬ اسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:45

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء)اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحفیظ نے کہا ہے کہ فروغ علم صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے صوبہ میں فروغ علم کیلئے کی جانے والی تمام کاوشوں کو صوبائی حکومت مکمل تعاون فراہم کررہی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے کے پی ریڈ مہم کے تحت ڈیرہ اسما عیل خان میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کے دوران کیا٬ تقریب کا اہتمام الف لیلیٰ بک سوسائیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا٬ تقریب میں معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی٬ الف لیلیٰ بس بک سوسائیٹی کے سینئر کوآرڈینیٹر مس رابعہ خان نے منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت کی مشاورت سے یو ایس ایڈ کے تعاون سے کے پی ریڈ منصوبہ کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ صوبہ میں پڑھنے کی عادت کو پروآن چڑھایا جائے انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے تحت تیسری جماعت تک کے بچے کو فر فر پڑھنے کے قابل بنانا ہمارا فوکس ایجنڈہ ہے٬ اے ای ڈی او عبدالحفیظ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تعلیمی پالیسی کے تحت صوبہ کے دیگر اضلاع کی طرح ڈیرہ اسما عیل خان میں بھی تعلیمی صورت حال میں واضح تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے٬ سکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اساتذہ کی حاظری میں بھی مثالی بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے٬ مس رابعہ خان نے بتایا کہ اے ایس ای آر کی ایک رپورٹ کے مطابق پرائمری سطح کے طلبہ ایک ایک بڑی تعداد روانی سے اردو اور پشتو کی سیلیبس میں درج کہانیوں کو پڑھنے سے قاصر ہے٬ انہوں نے کہا کہ پڑھنے کی عادت سیکھنے کے مراحل میں سیڑھی ہے لہذا ہمیں اپنے بچوں میں کتاب پڑھنے کی عادت کو پروآن چڑھانا ہوگا٬ اس مہم کے تحت ڈیرہ اسما عیل خان اور بنوں میں ایک عوامی بیٹھک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں والدین اور علاقہ کے اکابرین کو بچوں میں کتاب پڑھنے کی عادت کو پروآن چڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔