حکومت کانومبرسے ماحول دوست پیٹرول متعارف کرانے کا فیصلہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) حکومت نے آئندہ ماہ ماحول دوست پیٹرول متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے٬ ماحول دوست پیٹرول کویت سے منگوایا جارہا ہے٬ جو عام پیٹرول سے دو سے ڈھائی روپے مہنگا ہوگا۔سرکاری تیل کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل نے نئے پیڑول کیلئے ٹینڈرز جاری کر دئیے ہیں٬ نیا پیٹرول کیمیائی اعتبار سے بانوے رون کا ہوگا جو ماحول دوست پیٹرول ہوگا ٬ اور کہا جارہا ہے کہ عام پیٹرول سے نیا ماحول دوست پیٹرول دو روپے سے دو روپے ستر پیسے مہنگا ہوگا تاہم قیمت کا درست اندازہ حقیقی درآمدی لاگت اور بین الاقوامی مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔

حکومت یہ پیٹرول کویت سے درآمد کرے گی٬ جس کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔

(جاری ہے)

بہتر معیار کے پٹرول کی درآمد کا فیصلہ اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد کیا گیا٬ جس کے مطابق پاکستان دنیا میں افریقی ملک صومالیہ کے بعد دوسرا ملک ہے جو پست معیار کا پٹرول استعمال کررہا ہے۔پاکستان میں ستاسی رون کا پیٹرول فروخت کیا جاتا ہے جو کہ عالمی میعار پر پورا نہیں اترتا٬ یہ ایندھن ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ گاڑیوں کی کارکردگی میں خرابی کا باعث بنتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت٬ بنگلہ دیش٬ ایران اور سری لنکا پہلے ہی رون 92ایندھن استعمال کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :