ایم کیو ایم لندن نے عامرخان اور خواجہ اظہارسمیت دیگر کی رکنیت خارج کردی

بانی ایم کیوایم کے چاہنے والوں کوان افرادسے تعلق نہ رکھنے کی ہدایت٬متحدہ قومی موومنٹ لندن کااعلامیہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم) لندن اور ایم کیو ایم پاکستان میں محاذ آرائی عروج پر پہنچ گئی ہے٬ ایم کیو ایم لندن نے فاروق ستار کے بعد عامر خان٬ خواجہ اظہار الحسن٬ فیصل سبزواری اور کشور زہرہ کو بھی پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیاہے۔متحدہ قومی موومنٹ لندن کے اعلامیہ کے مطابق کنوینر ندیم نصرت کی سربراہی میں سینئر اراکین کا اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں کئی متفقہ فیصلے کئے گئے٬ تنظیمی نظم وضبط سنگین خلاف ورزیوں پر عامر خان٬ خواجہ اظہارالحسن٬ فیصل سبزواری اور کشور زہرا کو بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اعلامیئے کے مطابق پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر عامر خان٬ خواجہ اظہارالحسن٬ فیصل سبزواری اور کشور زہرا کی بنیادی رکنیت خارج کردی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے سچے چاہنے والے قوم سے سچی ہمدردری رکھنے والے تنظیمی نظم وضبط کی سختی سے پابندی کریں اور ان افراد سے کسی قسم کا تعلق نہ رکھیں۔

قائد وبانی ایم کیو ایم نے اجلاس کے فیصلہ کی توثیق کردی ہے ۔اعلامیئے کے مطابق لندن سیکرٹریٹ نے فاروق ستار کی پارٹی کی بنیادی رکنیت پہلے ہی ختم کردی تھی جس کے بعد کارکنان کو ان سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہ رکھنے کا کہا گیا تھا۔اعلامیئے کے مطابق منتخب ممبران اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہدا کی قربانیوں کا پاس رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ بھی اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں٬ استعفیٰ نہ دینے والے ارکان کا سوشل بائیکاٹ کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :