پنجاب بھرمیں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھرمیں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ پورے پنجاب میں امن وامان کی صورتحال پرامن رہی۔ لاہورمیں نثارحویلی اندرونی موچی دروازہ سے برآمد ہونے والا ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے رات تقریباً8بجے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

جس کے بعد کربلا گامے شاہ میں شام غریباں کا اہتمام کیا گیا۔ ذوالجناح کے مرکزی جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جو تمام راستے نوحہ خانی٬ ماتم اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس موقعہ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کررکھے تھے۔ جن کے مطابق نثارحویلی سے کربلا گامے شاہ تک جلوس کے روٹ کی جانب آنے والے تمام راستے کنیٹنروں ٬ خار دار تاروں اور کناتوں کے ساتھ بند کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

عزاداروں کے جلوس میں شامل ہونے کے لئے مخصوص داخلی راستے بنائے گئے تھے۔ جہاں عزاداروں کی چیکنگ کے لئے میٹیل ڈیٹکیٹر٬ واک تھروگیٹس کا سہارا لیاگیا۔ اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری٬ روٹ کے دونوں جانب واقعہ عمارتوں کی چھتوں اور گلیوں کی کونوں پرتعینات تھی۔ جلوس کو تمام راستے ڈرائون کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا رہا۔ جلوس میں شامل عزاداروں نے نماز فجر سنہری مسجد٬ نمازظہرین رنگ محل چوک میں ادا کی۔

جلوس کے کربلا گامے شاہ پہنچنے کے بعدآغا قزلباش نے دعا کروائی۔ اس سلسلے میں پی آئی ٹی بی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو فراہم کی جانے والی سرویلنس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 28ہزار 11مجالس عزا منعقد ہوئیں جبکہ 7418چھوٹے بڑے ذولجناح کے جلوس نکالے گئے۔ 9ویں اور دسویں محرم کے موقع پر 78علاقوں کو حساس قرار دیا گیا تھا جن کا کیبنٹ ڈویژن کی ٹیموںنے امن وامان کا جائزہ لینے کے حوالے سے ان علاقوں کا دورہ کیا۔

ان علاقوں میں پولیس اوردیگر اداروںنے 48خصوصی مشقیں کیں۔ پنجاب بھر کے جلوسوں اور مجالس عزا کی براہ راست مانیٹرنگ کے لئی71کنٹرول رومز قائم کیے گئے تھے جن کے نا صرف پولیس حکام سے براہ راست رابطے تھے بلکہ یہ کنٹرول رومز جلوسوں کے روٹ پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں سے منسلک تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے بھر میں نویں اوردسویں محرم الحرام کے دوران فضا پرامن رکھنے پر پولیس حکام کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ محرم الحرام پر امن گزرنے کا کریڈٹ نہ صرف پولیس حکام بلکہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو بھی جاتا ہے۔(اے ملک)

متعلقہ عنوان :