گھریلو سطح پر کھیرا کاشت کرکے سپرے کے مضر اثرات سے پاک کھیرا حاصل کریں٬ ماہرین زراعت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 15:01

فیصل آباد۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کھیرا حیاتین اور معدنی نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے قدرت کاانمول تحفہ ہے کیونکہ ہر کھیرے میں 10ملی گرام کیلشیم ٬ 25ملی گرام فاسفورس ٬ 1.5 ملی گرام فولاد اور 7ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے جو انسان کے جسم کے مختلف اجزاء کو تندرست و توانا رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کی حوصلہ افزائی کیلئے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت 50روپے مالیت کے پیکٹ میںعوام کو موسم گرما کی جن 8سبزیوں کے 116 گرام وزنی اعلیٰ معیار کے حامل بیج فراہم کئے جا رہے ہیں ان میں کھیرے کا بیج بھی شامل ہے۔انہوںنے بتایاکہ گھریلو سطح پر لوگ کھیرا کاشت کرکے سپرے کے مضر اثرات سے پاک کھیرا اور دیگر سبزیاں انتہائی ارزاں مالیت پر حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں محکمہ زراعت اور دیگر زرعی اداروں کے تعاون سے بیجوں کے ہزاروں پیکٹس فروخت کئے جا رہے ہیں۔